Jun ۰۷, ۲۰۲۲ ۰۸:۵۱ Asia/Tehran
  • فلسطینی عوام کے حقوق اور استقامتی تحریک کی حمایت جاری رہے گی: ایران

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نہ ہی مذاکرات میں ایرانی عوام کے حقوق سے پیچھے ہٹیں گے اور نہ ہی فلسطینی عوام کے حقوق کو پامال ہونے کی اجازت دیں گے اور ہم فلسطینی عوام کی مزاحمت کی حمایت جاری رکھیں گے۔

سحر نیوز/ایران: پیر کے روز بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) کی برسی میں شریک فلسطین و لبنان کی سیاسی و مذہبی شخصیتوں کی وزیر خارجہ ایران حسین امیر عبد اللہیان سے ملاقات ہوئی۔ اس موقع امیر عبد اللہیان نے مکتب امام خمینی میں مسئلہ فلسطین اور بیت المقدس کی اسٹریٹیجک اور خاص اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بانی انقلاب فلسطین کے مسئلے کو عالم اسلام کا اہم ترین مسئلہ سجھتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای بھی مسئلہ فلسطین کے سلسلے میں بانی انقلاب کے اُسی تصور کو باقی رکھے ہوئے ہیں اور آپ اس بات کے قائل ہیں کہ پورے کے پورے فلسطین کو صیہونی مجرموں کے چنگل سے آزاد ہونا چاہئے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے فلسطینی مزاحمت کے لیے ایران کی مکمل حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران تمام تر دباؤ کے باوجود اپنے اصولی موقف پر قائم ہے اور اس سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نہ ہی مذاکرات میں ایرانی عوام کے حقوق سے پیچھے ہٹیں گے اور نہ ہی فلسطینی عوام کے حقوق کو پامال ہونے کی اجازت دیں گے اور ہم فلسطینی عوام کی استقامتی تحریک کی حمایت جاری رکھیں گے۔

حسین امیر عبداللہیان نے صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات قائم کرنے میں بعض اسلامی ممالک کے اقدام کو فلسطینی کاز کے ساتھ غداری قرار دیا اور اعلان کیا کہ یہ ممالک اپنے اس اقدام سے پشیمان ہوں گے۔

انہوں نے تمام فسلطینی پناہگزینوں کی اپنے وطن اور سزرمین کی جانب واپسی اور ساتھ ہی وہاں کے اصلی اور مقامی باشندوں کے درمیان ایک آزاد ریفرینڈم کو مسئلہ فلسطین کا بنیادی حل قرار دیا۔

اس ملاقات میں سیاسی دھارے اور فلسطین اور لبنان کے استقامتی گروہوں کے رہنماؤں اور نمائندوں نے فلسطین اور لبنان کی تازہ ترین سیاسی صورتحال کے بارے میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے فلسطینی اور لبنانی استقامت کی تشکیل اور فتح میں امام خمینی (رہ)  کے کردار اور اسلامی انقلاب کے اثرات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور فلسطینی اور لبنانی استقامت کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت کو سراہا۔

ٹیگس