آئی اے ای اے، ایران کے دشمنوں کی انٹیلی جنس رپورٹوں کا حوالہ دیتی ہے: محمد اسلامی
محمد اسلامی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی، اسرائیل کی قیادت میں ہمارے دشمنوں کی انٹیلی جنس رپورٹوں کی بنیاد پر اپنی رپورٹ تیار کرتی ہیں اور انکی کہی باتوں کا اپنی رپورٹوں میں حوالہ دیتی ہے۔
سحر نیوز/ایران: ایران جوہری ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے الجزیرہ ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے سوالات کے جواب، اب تک بالکل درست دیے ہیں۔
محمد اسلامی نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی توانائی میں ہمارا حصہ صرف تین فیصد ہے اور آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کی 25 فیصد سرگرمیاں ہماری سرزمین میں ہوتی ہیں اور آئی اے ای اے کی کیمرے کی فوٹیج تک رسائی جوہری معاہدے کے انجام پر منحصر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی نے ہماری سائٹس کو نشانہ بنانے کی مذمت تک نہیں کی اور یہ ایک بڑا سوال ہے۔ ہماری حکمت عملی میں جوہری ہتھیاروں کی کوئی جگہ نہیں اور جو کچھ کہا جا رہا ہے وہ محض جانبدارانہ الزامات ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس اور اس میں ایران مخالف ممکنہ قرارداد پیش کئے جانے کے بارے میں کہا کہ تہران ، پہلے سے کچھ نہیں کہنا چاہتا لیکن بورڈ آف گورنرز کے ہر اقدام کا مناسب جواب دے گا ۔
دوسری جانب ترجمان وزارت خارجہ نے بورڈ آف گورنرز میں قرارداد پیش کئے جانے کے بارے میں کہا کہ بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہو رہا ہے جو چند روز جاری رہے گا اور اس میں معمول کے مطابق ایران کے سلسلے میں دو موضوعات کا جائزہ لیا جائے گا اور ایٹمی سمجھوتے پر عمل درآمد کے سلسلے میں رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔
انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کے سربراہ کی نئی رپورٹ کی تیاری میں غاصب صیہونی حکومت کا ہاتھ نظر آتا ہے کہا کہ بورڈ آف گورنرز کے تمام اراکین صیہونی حکومت کی ایران مخالف عزائم کی جانب سے ہوشیار رہیں اور اس قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دیں تاکہ ایران نے جو سفارتی دریچہ کھولا ہے وہ کھلا رہے ۔
واضح رہے کہ ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس پیر سے ویانا میں شروع ہوگیا ہے۔