جتنا تعلق میرا پاکستان سے ہے اتنا ہی تعلق ایران سے بھی ہے: وزیر خارجہ پاکستان
امام علی رضا علیہ السلام کے غیر ملکی زائرین میں سب سے زیادہ پاکستانی زائرین کی تعداد ہے اور اہلبیت علیہم السلام سے انکی عقیدت زبانزد خاص و عام ہے اور یہی امر ایران و پاکستان کے عوام کے درمیان قربت کے اہم اسباب میں سے ایک ہے۔ یہ بات صدر ایران نے پاکستانی وزیر خارجہ کے ساتھ ہوئی ملاقات میں کہی۔
سحر نیوز/ ایران: صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ہوئی ملاقات میں پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے لئے تہران کی آمادگی کا ذکر کیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران تیل گیس اور بجلی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کی ضروریات پوری کرنے کو تیار ہے۔
منگل کی شام ہوئی اس ملاقات میں صدر ایران نے کئی صدیوں پر محیط دونوں ملکوں کے قلبی، تاریخی اور اعتقادی رشتوں کا ذکر کیا اور کہا یہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے صرف پڑوسی ہی نہیں بلکہ رشتہ دار بھی ہیں۔ سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ہم پاکستان کی سکیورٹی کو اپنی سکیورٹی سمجھتے ہیں، بعض کو دو مسلمان، ہمسایہ، دوست اور برادر ملک ایران و پاکستان کے نیک تعلقات پسند نہیں ہیں، مگر آپسی تعلقات کے استحکام سے دونوں ممالک اور حتیٰ علاقے کی سکیورٹی اور اقتصادی صورتحال کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
صدر رئیسی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں، اسلام آباد کے ساتھ تعلقات کے فروغ پر کوئی محدودیت نہیں ہے اور ہم پاکستان کے ساتھ جامع تعاون کو فروغ دینے کے لیے تیار ہیں اور اسلامی جمہوریہ ایران مختلف شعبوں بشمول بجلی، تیل اور گیس میں پاکستان کی ضروریات کو پورا کرنے کی ضروری صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے توانائی کے شعبوں، راہداری تعاون اور علاقائی مسائل اور بحرانوں میں تعاون اور ہم آہنگی کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا اہم پہلو قرار دیا اور کہا کہ ان مسائل پر مذاکرات فیصلے اور تعاون کی دستاویز پر منتج ہونے چاہئیں۔
اس ملاقات میں پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایران کے دورے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرا جتنا تعلق پاکستان سے ہے اُتنا ہی ایران سے بھی ہے۔
انہوں نے ایران سے پاکستان کو بجلی کی برآمدات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم سلامتی، تجارت اور توانائی پر ماضی کے مذاکرات کو مکمل کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے پاکستانیوں کی حضرت امام رضا (ع) سے عقیدت و احترام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے زائرین کے لئے سفر کو آسان بنانے اور انہیں سہولتیں فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
پاکستانی وزیر خارجہ نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں بڑے پیمانے پر جنگلات میں لگی آگ کو بجھانے میں مؤثر تعاون کرنے پر اسلامی جمہوریہ ایران کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ پاکستانی وزیر خارجہ کل ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ دو روزہ دورے پر تہران پہنچے اور آج وہ حضرت امام رضا (ع) کے حرم مطہر کی زیارت کیلئے مشہد مقدس جائیں گے۔