Jun ۲۲, ۲۰۲۲ ۰۹:۱۰ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ کی رپورٹ سیاسی محرکات کی حامل اور غیر منصفانہ ہے: ایران

ایران نے انسانی حقوق کی صورتحال کے حوالے سے اپنے بارے میں اقوام متحدہ کی رپورٹ کو سیاسی محرکات کا حامل اور انصاف سے دور قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ایران میں انسانی حقوق کے سلسلے میں کئے جانے والے دعووں کو دہراتے ہوئے ایران پر مختلف معاملات میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا اور ایران میں انسانی حقوق کی صورتحال پر نکتہ چینی کی۔

منگل کے روز ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے ایک نامہ نگار کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ بارہا یہ واضح کیا جا چکا ہے کہ اس قسم کی قراردادیں غیر منصفانہ اور سیاسی محرکات اور خاص اہداف کی حامل ہوتی ہیں اور انہیں عالمی سطح پر انسانی حقوق کی صورتحال کو ارتقا بخشنے کے مقصد سے تیار نہیں کیا جاتا اور نہ ہی ان قراردادوں کو تمام رکن ممالک کی رضایت حاصل  ہوتی۔

ترجمانِ وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی رپورٹ میں ذکر شدہ ایک ایک شق کے منطقی اور مدلل جوابات یو این کے دفتر ارسال کئے مگر افسوس کی بات یہ کہ ان پر بڑے ہی معنیٰ دار انداز میں کوئی توجہ نہیں دی گئی اور انہیں نظر انداز کر دیا گیا۔

خطیب زادہ کا کہنا تھا کہ جو رپورٹ یو این کے سیکریٹری جنرل کے نام سے شائع کی گئی ہے انکی بنیاد من گھڑت دعووں اور غیر معتبر ذرائع پر ہے اور اس رپورٹ کی اسکرپٹ دشمن اور دہشتگرد ماہیت کے حامل گروہوں کے الزامات اور دعووں کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس رپورٹ کا تفصیلی جواب یو این کی انسانی حقوق کونسل کے تمام اراکین کو پیش کر دیا جائے گا۔

ٹیگس