طالبان انتظامیہ ہیرمند کے پانی کے مسئلے پر توجہ دے: ایران
ایران اور افغانستان کے وزراء خارجہ کے مابین ٹیلی فونی گفتگو ہوئی ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے افغانستان کے وزیر خارجہ امیرخان متقی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ اس موقع پر امیر عبداللہیان نے زلزلے اور بڑے پیمانے پر تباہی اور انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے ساتھ ہی ہیرمند کے پانی پر ایران کے حق پر بھی زور دیا اور کہا کہ طالبان انتظامیہ کو اس مسئلے کے حل کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہئیے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ طالبان انتظامیہ کو چاہئیے کہ دونوں ملکوں کے مابین ہیرمند کے پانی کے مسئلے پر ہونے والے معاہدے پر عمل کر کے دونوں ملکوں کے عوام کی دوستی اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کا باعث بنے۔
اس ٹیلی فونی گفتگو میں افغانستان کے وزیر خارجہ امیرخان متقی نے افغانستان میں آنے والے زلزلے پر ایرانی عوام اور حکومت کی جانب سے اظہار افسوس اور تعزیت اور ساتھ ہی زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی اشیاء بھجوانے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ پر زور بھی دیا۔
افغانستان کے عبوری وزیر خارجہ نے ہیرمند کے پانی پر ایران کے حق کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات اور اسی طرح ایران کی جانب سے وزارت توانائی کے وفد کے دورۂ افغانستان کا خیر مقدم کیا۔