Jun ۲۶, ۲۰۲۲ ۰۹:۱۲ Asia/Tehran
  • پابندیوں کے شکار ممالک کے ساتھ دھمکی آمیز لہجے میں بات کرنا درست نہیں: علی شمخانی

ایران کی اعلی قومی سلامتی کے سیکرٹری نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بورل کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں کہا کہ انتہائی سخت پابندیوں کا شکار ہونے والے ممالک کیلئے دھمکی آمیز رویہ کارآمد نہیں ہوگا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کے سیکرٹری علی شمخانی نے امریکہ کی وعدہ خلافیوں اور جوہری معاہدے سے غیر قانونی انخلاء کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مغرب اور امریکہ کے تئیں ایرانی عوام کے عدم اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور ساتھ ہی ہم نے جوہری معاہدے میں اپنے تمام وعدوں کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ مذاکرات کے سلسلے کو جاری رکھا اور ہم اب بھی ایک مضبوط، مستحکم اور قابل اعتماد معاہدے کے خواہاں ہیں۔

ایران کی اعلی قومی سلامتی کے سیکرٹری نے خطے میں پائیدار سلامتی اور بین الاقوامی نظام کے قیام میں ایران کے تعمیری کردار پر یورپ کی عدم توجہی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے بعض ممالک جو دنیا میں برائی، عدم تحفظ اور ریاستی دہشت گردی کا مظہر ہیں، انکے ساتھ یورپ کے اسٹریٹجک تعلقات آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے جوہری معاہدے میں امریکہ کی بے عملی اور یورپ کی وعدہ خلافی کو ایرانی عوام کے لیے تلخ تجربہ قرار دیا اور کہا کہ جوہری شعبے میں ایران کے انتقامی اقدامات امریکہ کی یکطرفہ پالیسی اور یورپ کی بے حسی پر قانونی اور فطری ردعمل ہے اور مغرب کے اس غیر قانونی طریقۂ کار کی تبدیلی تک یہ اقدامات جاری رہیں گے۔

ایران کی اعلی قومی سلامتی کے سیکرٹری نے کہا کہ ویانا مذاکرات میں تہران کی شرکت کا مقصد غیر قانونی پابندیوں کے خاتمے اور جامع اور دیرپا اقتصادی فوائد کو یقینی بنانا ہے اور ان دو اصولوں کے بغیر کوئی معاہدہ فائدہ مند نہیں ہوگا۔

انہوں نے مذاکرات کے دوران امریکہ کے متضاد رویے اور  واشنگٹن کی جانب سے دھمکیوں اور پابندیوں کے حربوں کے استعمال کو مذاکرات کو طول دینے اور کسی نتیجے پر نہ پہنچنے کا اہم سبب قرار دیا۔

علی شمخانی نے کہا کہ انتہائی پابندیوں کا شکار ہونے والے ممالک کے ساتھ دھمکی آمیز لہجے میں بات کرنا درست نہیں ہے۔

اس موقع پر یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بورل نے تہران کے دورے سے قبل امریکی حکام کے ساتھ اپنی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بائیڈن کی حکومت مختلف وجوہات کی بنا پر جوہری معاہدے کو بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

جوزپ بورل جو ایران کے دورے پر ہیں ایرانی حکام کے ساتھ  ملاقات اور گفتگو کر رہے ہیں۔

ٹیگس