Jun ۲۸, ۲۰۲۲ ۰۷:۵۲ Asia/Tehran
  • سمجھوتے کا دارو مدار امریکہ اور یورپی فریقوں کی سنجیدگی پر ہے : ایران

ایران کے وزیر خکرجہ نے اپنے دورہ ترکی میں اس ملک کے صدر رجب طیب اردوغان اور وزیر خارجہ مولود چاووش اوغلو سے ملاقات کی۔ ایران کے وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی ہے کہ شروع ہونے والے مذاکرات کے نئے سلسلے میں امریکہ اور تین یورپی ممالک حقیقت پسندی سے کام لیں گے۔

ارنا رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں اپنے ترک ہم منصب مولود چاووش اوغلو سے ملاقات کی جس کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرس سے خطاب کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ امید کرتا ہوں کہ ایران اور مقابل فریقوں کے مابین ہونے والے مذاکرات میں اگر امریکہ اور یورپی فریقوں نے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا تو کسی سمجھوتے تک پہنچ سکتے ہیں۔

حسین امیر عبداللہیان نے ویانا مذاکرات کے بارے میں کہا کہ جوزپ بورل کے دورہ تہران اور پابندیوں کے خاتمے کیلئے ہونے والے مذاکرات سے اپنے ترکی کے ہم منصب کو آگاہ کیا۔

ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران ہمسایہ ممالک کے ساتھ اپنی خارجہ پالیسی کے دائرے میں ترکی کے ساتھ  تعلقات کے فروغ اور انہیں مستحکم کرنے پر کاربند ہے۔

حسین امیر عبداللہیان نے مزید کہا کہ ترکی کے وزیر خارجہ کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں صیہونی حکومت اور اس کی کارروائیوں کے بارے میں ایران کی حساسیت اور اسکے تحفظات سے انہیں آگاہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ اپنے ترک ہم منصب کی باضابطہ دعوت پر پیر کو ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ انقرہ پہنچے اور اس دورے میں انہوں نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی اور بین الاقوامی میدان میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ دورہ انقرہ کے بعد ترکمنستان کا دورہ کریں گے جہاں وہ کیسپین ساحلی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ٹیگس