Jul ۱۷, ۲۰۲۲ ۱۰:۱۵ Asia/Tehran
  • ہم ایران کے خلاف کسی بھی فوجی اتحاد کی تشکیل کے حق میں نہیں: عرب امارات

متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے مقصد سے ایران میں اپنا سفیر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے سفارتی امور کے مشیر انور قرقاش نے سی این این کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر چند کہ ان کے ملک نے امریکی فارمولے میں تعاون کیلئے اپنی آمادگی کا اعلان ضرور کیا ہے تاہم وہ علاقے کے کسی بھی ملک کو ہدف نہیں بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میرا اشارہ خاص طور سے ایران کی جانب ہے اور ہم  نے ایران میں اپنا سفیر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انور قرقاش نے ایران کے ساتھ کشیدگی کم کرنے اور اقتصادی امور میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ایران کے خلاف نیٹو کی طرح عرب ممالک کے کسی بھی اتحاد کی تشکیل کے حق میں نہیں ہیں۔

اس سے قبل ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اپنے ابو ظہبی کے مختصر دورے کے موقع پر کہا تھا کہ ایران اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعلقات کا نیا باب کھل گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران ایران اور متحدہ عرب امارات کے مابین تجارتی اور اقتصادی روابط برقرار تھے تاہم  ابو ظہبی نے تہران اور ریاض کے مابین سفارتی تعلقات کے ختم ہونے کے بعد سعودی عرب کی پالیسی پر عمل کیا اور ایران کے ساتھ سیاسی تعلقات کو سفیر کی سطح سے قونصل جنرل کی سطح پر تبدیل کر دیا۔

ٹیگس