Jul ۱۹, ۲۰۲۲ ۰۶:۵۳ Asia/Tehran
  • تہران میں یوم غدیر کا عظیم الشان جشن، لاکھوں کی شرکت۔ ویڈیو+تصاویر

گزشتہ روز پورا ایران جشن غدیر میں منہمک رہا۔ دارالحکومت تہران میں غدیری ضیافت نام سے موسوم ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔

سحرنیوز/ایران: گزشتہ روز پیر 18 ذی الحجہ کو دارالحکومت تہران میں نہایت عظم الشان انداز میں جشن عید غدیر منایا گیا۔ اس موقع پر شہر میں ایک خصوصی تقریب کا اعلان کیا گیا تھا جس کے تحت تہران کی ایک مرکزی شاہراہ ولیعصر پر واقع ولیعصر اسکوائر سے پارک وے چوک تک 10 کلومیٹر کے علاقے میں خصوصی ضیافت کے اسباب فراہم کئے گئے تھے۔

غدیر کے موقع پر ایران میں اپنی نوعیت کے اس منفرد پروگرام میں شمع ولایت کے دسیوں لاکھ پروانوں نے شرکت کی۔ گزشتہ شب تہران کی ٹریفک پولیس کے چیف محمد حسین حمیدی نے نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دس کلومیٹر طویل اس غدیری ضیافت اور جشن غدیر میں ۳۰ لاکھ لوگوں نے شرکت کی ہے۔

چھوٹے، بڑے، بوڑھے جوان، خواتین و مرد سبھی نے نہایت مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ اس جشن میں شرکت کی۔ خصوصاً بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد اس ضیافت میں نظر آئی۔ حتیٰ شیر خوار بچے بھی اپنے پالنوں میں لیٹے یا ماؤں کی گود میں چڑھے اس غدیری بھیڑ میں دکھائی دئے۔ یہ عظیم الشان جشن غدیر شام 6 بجے سے شروع ہوا جو رات دیر گئے تک جاری رہا۔

اس موقع پر مارچ کرنے والوں کی مہمان نوازی کے لئے تبرکات کی سبیلوں اور موکبوں کے علاوہ بچوں کے مخصوص اسٹالز اور مذہبی و ثقافتی مصنوعات کے مراکز قائم کئے گئے تھے جبکہ عید غدیر کے سلسلے میں خصوصی محفلوں اور گروہی ترانوں کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ ساتھ ہی بچوں اور حتیٰ بڑوں کی جسمی و روحی تربیت اور انہیں مکتب غدیر سے بہتر آشنا کرنے کے مقصد سے خاص انتظامات بھی کئے گئے تھے۔

قابل ذکر ہے کہ یہ غدیر واک اور خصوصی ضیافت اپنی نوعیت کا ایران میں پہلا اتفاق تھا جس کا اہتمام اربعین حسینی کی مانند مخیرین، مذہبی، قرآنی اور ثقافتی مراکز، انجمنوں اور مسجدی رضاکاروں کے تعاون سے کیا گیا جبکہ عوام نے اس مہم میں بھرپور طریقے سے مالی ہی نہیں بلکہ ہر ممکن تعاون کیا اور یوں جشن غدیر کا اہتمام کرنے والوں کی فہرست میں اپنا نام درج کروایا۔ مشاہدات کے مطابق جس سے جو ممکن ہوا اُس نے اس جشن غدیر کو مزید بارونق بنانے کے لئے پیش کر دیا۔

ٹیگس