Jul ۱۹, ۲۰۲۲ ۱۸:۱۳ Asia/Tehran
  • روس  کے صدر ولادیمیر پوتین تہران پہنچ گئے۔ ویڈیو

آستانہ امن عمل کے ساتویں دور کا سربراہی اجلاس منگل کی رات ایران، ترکی اور روس کے صدور کی شرکت سے منعقد ہو گا۔

روس  کے صدر ولادیمیر پوتین، تہران کی میزبانی میں منعقد ہونے والے آستانہ امن عمل کے ضامن ممالک کے ساتویں سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے تہران پہنچ گئے۔

اس اجلاس میں صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی، روس کے صدرولادیمیر پوتین اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان، شام کی تازہ ترین صورتحال، انسداد دہشتگردی بالخصوص داعش اور پی- کے- کے کیخلاف جنگ اور شامی پناہ گزیوں کی اپنی مرضی سے وطن واپسی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ایران کے دورے پر آئے ہوئے ترکی کے صدر اس اجلاس کی سائیڈلائن میں اپنے روسی ہم منصب پوتین سے ملاقات کریں گے، اس کے علاوہ ایران اور روس کے صدور بھی ملاقات کریں گے۔

واضح رہے کہ آستانہ امن عمل کے ضامن ممالک کے چٹھے اجلاس کا 2019 میں کورونا پھیلاؤ کی وجہ سے ورچوئل انعقاد کیا گیا تھا ۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ شامی بحران کے سیاسی حل نکالنے اور جنگ بندی کے قیام کے سلسلے میں ابتدائی نشستوں کا متحارب فریقوں سمیت ایران، روس اور ترکی کے نمائندوں کی شرکت سے قازقستان میں انعقاد کیا گیا اور "آستانہ امن عمل کے ضامن ممالک" کا پہلا اجلاس دسمبر 2017 میں ان تینوں ممالک کے صدور کی شرکت سے روسی شہر سوچی میں منعقد ہوا تھا۔

ٹیگس