زاخو حملے کی ایران کی جانب سے مذمت
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عراق کے شہر زاخو پر ہوئے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس ملک میں امن و استحکام سے متعلق ایران کی بھرپور حمایت پر تاکید کی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے عراق کے شہر زاخو پر ہونے والی گولہ باری کی مذمت کی ہے جس میں عراقی عوام کی ایک تعداد جاں و زخمی ہوئی ہے۔ انھوں نے اس حملے میں جاں بحق و زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ سے ایران کی حکومت اور عوام کی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس ملک میں امن و استحکام سے متعلق ایران کی بھرپور حمایت پر زور دیا اور کہا کہ ایران، عراق کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتا ہے اور اس سلسلے میں کسی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔
عراق کے پریس ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی عراق پر ترک فوج کے حملے میں جس میں ایک گولہ شہر زاخو پر بھی گرا، نو افراد جاں بحق اور اکتیس دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ اس حملے کا ذمہ دار ترکی کو سمجھا جاتا ہے جو اس طرح کے حملے اس سے قبل بھی کرتا رہا ہے جبکہ انقرہ نے اس حملے کی ذمہ داری لینے سے گریز کیا ہے اور اس حملے کا ذمہ دار، پی کے کے، کو قرار دیا ہے۔