Jul ۲۷, ۲۰۲۲ ۱۰:۲۵ Asia/Tehran
  • اگر مقابل فریق منطقی رویہ اپنائے تو مذاکرات کے مثبت نتائج بر آمد ہوں گے: ایران

ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ہم پابندیوں کے خاتمے اور صورتحال کو ایرانی عوام کے حق میں بدلنے کیلئے مذاکرات کر رہے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے  ملک کے ائمہ جمعہ کے 25 ویں اجلاس کے دوران پابندیوں کی منسوخی کے لئے ہونے والے مذاکرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا ایک حقیقت پسندانہ اور منطقی موقف ہے اور بلاشبہ اگر دوسرے فریق بھی منطق پر مبنی رویہ اپنائیں تو ان مذاکرات کے مثبت نتائج بر آمد ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت نے چارج سنبھالتے ہی یہ اعلان کیا کہ ایران کی خارجہ پالیسی کی اصل بنیاد، پڑوسی ممالک سے تعلقات کا فروغ ہے اور ہم نے اس سلسلے میں اقدامات بھی کئے۔

صدر رئیسی نے کہا کہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ اس پالیسی کی وجہ سے ایران اور پڑوسی ممالک کے درمیان تجارتی توازن مثبت ہوگیا اور تجارتی لین دین کی شرح چند گنا ہوگئی۔

انہوں نے ایران کیخلاف پابندیوں کی منسوخی کے لئے ہونے والے مذاکرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے کبھی بھی مذاکرات کی میز کو نہیں چھوڑا بلکہ یہ مغربی ممالک ہی تھے جنہوں نے آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز میں ایران کیخلاف قرارداد کی منظوری سے ان مذاکرات کو بحران کا شکار کیا۔

صدر ایران نے کہا کہ مذاکرات کے نتیجہ خیز ہونے کیلئے ضروری ہے کہ دوسرے فریق بھی پُختہ اور سنجیدہ عزم کا مظاہرہ کریں۔

ٹیگس