داعشیوں کی گرفتاری پر پارلیمنٹ نے انٹیلیجنس کو سراہا
ایران کی انٹیلیجنس نے محرم کے ایام میں حضرت امام حسین علیہ السلام کے عزاداروں کو اپنی دہشتگردانہ کارروائیوں کا نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کرنے والے نیٹ ورک کو تباہ کر دیا۔
ایرانی پارلیمنٹ (مجلس شورای اسلامی) کے نمائندوں نے ١۰ داعشی دہشتگردوں کو گرفتار کرنے پر ملک کی انٹیلیجنس سروس کی قدردانی کی۔ یہ عناصر حضرت امام حسین علیہ السلام کے عزاداروں کو اپنی دہشتگردانہ کارروائیوں کا نشانہ بنانے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔
پارلیمنٹ کے نمائندوں نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار پھر ایران کی سیکیورٹی فورسز نے اپنی مستعدی کا مظاہرہ کیا، طوفانی کارروائی کرتے ہوئے کینہ پرور دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا اور ایک بار پھر ایرانی عوام کے قتل عام کا منصوبہ ناکام بنا کر دشمن کو دندان شکن جواب دیا۔
واضح رہے کہ ایران کے انٹیلیجنس ادارے نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ عزاداران حسینی پر حملے کا منصوبہ بنا رہے١۰ داعشی دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ تین دن کے دوران ١۰ تکفیری صہیونی دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ صہیونی حکومت گزشتہ ہفتے علیحدگی پسند دہشتگرد گروہ کوملہ کی مدد سے ملک کے ایک حساس مقام میں بم دھماکہ کرنے میں ناکام رہی تھی اور اپنی اس بڑی ناکامی کو چھپانے اور اپنے آلۂ کاروں کا حوصلہ بڑھانے کے درپے تھی۔
اس مرتبہ اس نے داعش کی تکفیری ٹیموں کے ذریعے سید الشہدا (ع) کے عزاداروں کو خاک و خون میں غلطاں کرنے کی کوشش کی جسے اینٹلیجنس سروس کے گمنام سپاہیوں نے ناکام بنا دیا۔