Aug ۰۹, ۲۰۲۲ ۱۷:۲۱ Asia/Tehran
  • صیہونی دشمن کو شکست دینے پر ایران نے کی استقامتی محاذ کی قدردانی

وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران صیہونی دشمن کو شکست دینے پر استقامتی محاذ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے،  تحریک مزاحمت کے شہیدوں کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ صیہونیوں کی جانب سے فلسطینی خواتین اور بچوں کو قتل کرنا، تل ابیب حکومت کی بوکھلاہٹ اور کمزوری کو ظاہر کرتا ہے ۔

وزیر خارجہ نے اس بات کی بھی تعریف کی کہ اس جنگ میں استقامتی محاذ نے اپنی طاقت کے محض ایک مختصر سے حصے کا استعمال کیا ہے۔ انہوں نے اسے بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس جنگ میں صیہونیوں کی کمزوری اور مجبوری پہلے سے زیادہ منظر عام پر آگئی ہے۔

 اس ٹیلی فونی گفتگو میں حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی دشمن، حالات کو فلسطینی عوام اور مزاحمتی محاذ کے خلاف بدلنا چاہتے تھے لیکن انہیں فلسطینی عوام کی مجاہدانہ استقامت کا سامنا کرنا پڑا۔

اسماعیل ہنیہ نے زور دیکر کہا کہ مزاحمتی محاذ کی اس جنگ میں کامیابی سے استقامت کے نئے باب کا آغاز ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام مکمل کامیابی تک جہاد جاری رکھیں گے اور اس راستے پر ثابت قدم رہیں گے ۔

ٹیگس