استاد ایک معنوی کمانڈر اور شاگرد ایک مجاہد ہے: وزیر صحت ایران
ملک میں قائم ہونے والی پہلی اسمارٹ یونیورسٹی کے قیام کی خبر دیتے ہوئے ایران کے وزیر صحت ڈاکٹر عین اللہی نے کہا کہ اس یونیورسٹی میں ہماری کوشش یہ ہے کہ میڈیکل تعلیم کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی اور اعلیٰ تعلیمی وسائل کو استعمال میں لاکر طلبہ کی تربیت کریں۔
ایران کے وزیر صحت ڈاکٹر عین اللہی نے ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر ملک اور اس کے نظام میں علم و دانش، سائنسدانوں اور دانشمند افراد کی موجودگی اس کے لئے باعث فخر ہوتی ہے اور اسلام میں بھی مفید اور نفع بخش علم کو ایک خاص مقام حاصل ہے، کوئی بھی علم اس وقت اہمیت کا حامل ہوتا ہے جب وہ عوام کی خدمت اور ان کی مشکلات کے حل کرنے میں مددگار ثابت ہو۔
انہوں نے میڈیکل کے شعبے میں سرگرم ڈاکٹروں اور طبی عملے کے افراد سے اپیل کی کہ وہ عوام کی مدد اور ان کی مشکلات کے حل کے لئے کمر کس لیں۔
ایران میں قائم ہونے والی پہلی اسمارٹ یونیورسٹی کے بارے میں ڈاکٹر عین اللہی نے بتایا کہ اس یونیورسٹی میں ہماری کوشش یہ ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور تعلیم و تدریس کے نئے طریقوں کو آپس میں ملا کر استفادہ کریں، آج تدریس کا مقصد صرف کلاس میں حاضر ہونا اور نوٹس دینا یا لینا نہیں ہے بلکہ مختلف اقسام کے سیمولیٹر، آڈیو اور ویڈیو کے جدید آلات اور مشیوں کا استعمال کر کے میڈیکل کے مشکل موضوعات کو سہل بنا کر طلبہ کو سمجھانا ہے۔
انہوں نے انقلاب اسلامی کے گام دوم یا دوسرے قدم سے موسوم قائد انقلاب اسلام کے پیش کردہ روڈ میپ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ استاد اور شاگرد میں معنوی اور اخلاقی اقدار کا ہونا بہت اہم ہے، ہم استاد کو یونیورسٹی کا ایک معنوی کمانڈر اور طالب علم کو مجاہد سمجھتے ہیں۔
ملک میں ادویات اور مصنوعی اعضاء کی فراہمی اور قیمت کے بارے میں بھی ان کا کہنا تھا کہ اس سال کے اختتام تک ادویات اور مصنوعی اعضاء کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔