ہماری طاقت ہمارے عوام پر استوار ہے، انکے مفادات سے کوئی سمجھوتہ نہیں: صدر ایران
صدر ایران نے کہا ہے کہ تہران کسی بھی اجلاس اور مذاکرات میں قومی مفادات سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹائے گا۔
عالمی یوم مسجد کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر سید ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ تمامتر پابندیوں اور دھمکیوں کے باوجود ان کی حکومت ملکی ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی اجلاس یا مذاکرات میں قومی مفادات سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹائیں گے اور ملکی ترقی و پیشرفت کے راستے میں حائل رکاوٹوں کو ختم کرنے کا سلسلہ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اقتدار میں آنے کے ایک سال کے دوران، کورونا پر قابو پانے، ملک کو خودکفیل بنانے، خارجہ پالیسی میں توازن پیدا کرنے، بیرونی تجارت بڑھانے اور بنیادی ضرورت کی اشیا کے اسٹریٹیجک ذخائر میں اضافے کے لیے ضروری اقدامات کئے ہیں۔
صدر ایران نے کہا کہ ہمارا ملک عوامی طاقت پر استوار ہے اور ہم سمجھتے ہیں قومی مفادات کے تحفظ کے لیے عوامی طاقت سے بخوبی فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔