Aug ۲۳, ۲۰۲۲ ۱۱:۲۳ Asia/Tehran
  • امام خمینی (رح) کی کامیابی کا راز عوام پر ان کا بھروسہ تھا: سید ابراہیم رئیسی۔ ویڈیو

صدر ایران نے آج اپنی کابینہ کے ہمراہ بانی انقلاب اسلامی کے مزار پر حاضری دی اور انکی امنگوں کے ساتھ تجدید عہد کیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے ہفتۂ حکومت کی آمد کے موقع پر آج صبح بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) کے مزار پر حاضری دی ۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ امام خمینی (رح) عوام کی خدمت کو پروردگار کا قرب حاصل کرنے کا ایک ذریعہ سمجھتے تھے اور وہ عوام کے لئے دل و جان سے عزت و احترام کے قائل تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم امام خمینی (رح) کی امنگوں کے ساتھ تجدید عہد کرنے کیلئے یہاں آئے ہیں تاکہ تمام تر خدمتیں خدا کیلئے ہوں اور ہمارا عقیدہ ہے کہ آپ جہاں کہیں بھی عوام پر بھروسہ اور تکیہ کریں آپ کامیاب ہوں گے۔

سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ دفاع مقدس میں کامیابی کی وجہ امام خمینی (رح) کا عوام پر اعتماد ہی تھی اور ہمیں بھی اس عنصر کو اپنے تمام امور میں سر فہرست رکھنا چاہئیے۔

واضح رہے کہ صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے آج صبح اپنی کابینہ کے ہمراہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ پڑھی اور انکی امنگوں کے ساتھ تجدید عہد کیا۔

صدر مملکت نے بانی اسلامی انقلاب حضرت امام خمینی (رح) کے علاوہ شہدائے انقلاب کو بھی خراج عقیدت پیش کیا.

صدر رئیسی اپنی کابینہ کے ہمراہ ایران کے سابق صدر اور وزیر اعظم شہید محمد علی رجایی، محمد جواد باہنر اور عدلیہ کے سابق سربراہ شہید آیت اللہ محمد حسین بہشتی کی قبور پر بھی پہنچے اور شہدا کی ارواح کے لئے فاتحہ خوانی اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی.

اس موقع پر امام خمینی (رح) کے مزار کی انتظامیہ کے سربراہ سید حسن خمینی بھی موجود تھے.

ٹیگس