Aug ۲۷, ۲۰۲۲ ۱۲:۲۹ Asia/Tehran
  • زائرین اربعین کی خدمت کیلئے ایران کمربستہ

اس سال اربعین حسینی کے موقع پرایران کی جانب سے زائرین کی خدمت اور ان کے قیام و طعام کیلئے اندرون ملک اور عراق میں 370 بڑے کیمپ لگائے جا رہے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے ادارۂ اوقاف اور امور خیریہ کے ڈائریکٹر حجت‌ الاسلام محمد نوروزپور نے کہا ہے کہ اس سال اربعین حسینی کے موقع پر زائرین کی خدمت اور ان کے قیام و طعام کیلئے ایران اور عراق میں 370 کیمپ لگائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نجف اشرف، کربلائے معلیٰ، سامرا، کاظمین اور دوسرے مقامات مقدسہ کیلئے جانے والے زائرین کو ہر قسم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کو اربعین حسینی سے ایک ہفتے قبل ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ شروع ہو جائیگا۔

20 صفر نواسۂ رسول، سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے با وفا اصحاب و انصار کا چہلم ہے۔ اس موقع پر دنیا بھر سے زائرین بڑی تعداد میں عراق کا سفر کرتے ہیں اور نجف و کربلا کے مابین انجام پانے والے میلین مارچ میں شریک ہوتے ہیں۔ اس سال بھی اربعین میلین مارچ میں دسیوں لاکھ عراقی اور غیر ملکی زائرین کی شرکت متوقع ہے۔

ٹیگس