Sep ۱۷, ۲۰۲۲ ۱۰:۰۰ Asia/Tehran
  • سید الشہداء کے چہلم کے موقع پر ایران کی فضا سوگوار و عزادار

ایران، پاکستان اور ہندوستان سمیت پوری دنیا میں سید الشہداء کا چہلم عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

آج کے دن سیدالشہداء حضرت امام حسینؑ کی شہادت کو چالیس دن پورے ہوئے اور مشہور قول کی بنا پر آج ہی کے دن اہلبیت حرم ، شام سے کربلا لوٹے ہیں- آج کے دن سن اکسٹھ ہجری میں صحابی پیغمبراسلامؐ جناب جابر بن عبداﷲ انصاری نے شہادت حضرت امام حسینؑ کے بعد پہلی مرتبہ آپ کی قبر مطہر کی زیارت کی-

چہلم کے دن سید الشہداء حضرت امام حسینؑ کی کربلا میں زیارت کرنا عظیم ثواب رکھتا ہے-

اسلامی جمہوریہ ایران میں آج سنیچر کے روز نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ کا چہلم انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے جبکہ شب اربعین میں پورے ایران میں مجالس عزا اور جلوسوں کا سلسلہ جاری رہا۔ آج چہلم کے روز پورے ایران میں عام تعطیل ہے اور نواسۂ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے سلسلے میں مجالس عزا اور جلوسوں اور اسی طرح اربعین مارج کا سلسلہ جاری ہے۔

نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے 72 اصحاب باوفا کا چہلم پاکستان اور ہندوستان میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ چہلم حضرت امام حسین (ع) کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

پاکستان اورہندوستان سے موصولہ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ لاہور، کراچی، کوئٹہ، راولپنڈی، پشاور اور اسی طرح دہلی،ممبئی، لکھنو اورحیدرآباد سمیت ملک کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں سیدالشہدا کے چہلم کے موقع پر جلوسہائے عزا برآمد ہونے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور مجالس غم برپا ہورہی ہیں۔

مومنین اور سوگوارشبیہ تابوت و علم اور تبرکات کی زیارت  کر رہے ہیں اور بہت بڑی تعداد میں ماتمی انجمنیں منظم انداز میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کر کے کربلا والوں کی یاد منا رہے ہیں ۔

چہلم سید الشہدا کے جلوسوں کے دوران روح پرور اور معنوی مناظر دیکھنے کو ملے اور جلوسہائے عزا میں شریک سوگواروں نے امام عالی مقام کی بے مثال قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ان کے راستے کو جاری رکھنے کا عزم کیا- پاکستان اور ہندوستان میں نکالے گئے جلوسہائے عزا کے راستوں میں سبیل اور نذر و نیازکا بھرپور اہتمام کیا گیا ہے۔

سحرعالمی نیٹ ورک غم و اندوہ کے اس موقع پراپنے تمام ناظرین، سامعین اورکرم فرماوں کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔

ٹیگس