Sep ۱۸, ۲۰۲۲ ۱۶:۳۷ Asia/Tehran
  • اربعین مارچ  نےعراق اور ایران کی دوستی کو مزید مستحکم کیا

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اربعین حسینی کے موقع پر زائرین کی میزبانی پر عراقی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ، اس سال دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان دوستی اور برادری کے رشتے مزید مستحکم ہوئے ہیں۔

اتوار کے روز اپنے ایک ٹوئٹ میں ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے لکھا کہ، کورونا کی وجہ سے آنے والا دوسال کا وقفہ بھی عظیم عوامی اربعین مارچ میں رکاوٹ نہیں بن سکا اور دسیوں لاکھ لوگوں نے جن میں ہر قوم و مسلک اور مذہب و ملت کے لوگ شامل تھے، سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام سے پیمان مودت باندھا اورآپ کے اصولوں پر قائم رہنے کا عہد اعادہ کیا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ دنیا کے اس عظیم ترین اربعین مارچ نے، دسیوں لاکھ انسانوں کو مقدس اہداف کی خاص ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا اور ایران و عراق کی اقوام کے درمیان دوستی اور برادری کے رشتوں کو پہلے سے زیادہ مستحکم بنا دیا۔

ناصر کنعانی نے اربعین حسینی کے نام سے ہونے والی عظیم عوامی مارچ اور اجتماع کی شایانشان میزبانی پر عراقی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عراقی قوم ہرسال اپنے تمام وسائل کے ساتھ شہدائے کربلا کی زیارت کے لیے آنے والے ایرانی اور غیر ایرانی زائرین کی خدمت کرتی ہے جو اس عظیم قوم کے ایمان اور خلوص کی گہرائی کا ثبوت ہے۔

دوسری جانب عراقی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اس سال اربعین کے موقع پر چوبیس ملین یعنی دوکروڑ چالیس لاکھ سے زائد ، ملکی اور غیر ملکی زائرین، کربلائے معلی کی زیارات سے شرفیاب ہوئے ہیں۔

الغدیر ٹیلی ویژن نے اس سال کربلائے معلی میں عاشقان حسینی کے اجتماع کو حالیہ برسوں کا سب سے بڑا زیارتی اجتماع قرار دیا ہے۔

کربلائے معلی کے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق اس سال اربعین کی زیارت گزشتہ برسوں کے مقابلے میں کئی دن پہلے یعنی چودہ سفر سے شروع ہوگئی تھی اور زائرین کا ایک سیل رواں تھا جو مرکز پرکار عشق، یعنی بارگاہ حسینی کی سمت بلا وقفہ چلا آرہا تھا۔

ٹیگس