Sep ۱۸, ۲۰۲۲ ۱۹:۰۳ Asia/Tehran
  • ایران کو ایٹمی معاہدے کے سلسلے میں قابل اطمینان ضمانت چاہئے: صدر رئیسی

صدر ایران نے کہا ہے کہ ویانا معاہدے کے لئے ایران ضمانت کا خواہاں ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے الجزیرہ ٹیلی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدے سے نکلنے والا فریق امریکہ تھا اور معاہدے کے یورپی ارکان نے بھی اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں ۔ا نہوں نے کہا کہ اگر اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف بے بنیاد دعوے اور الزامات ویانا معاہدے کے تحت بھی برقرار رہے تو، معاہدہ بے اثر اور غیرمفید ہوگا۔

صدر رئیسی نے زور دیکر کہا کہ ایران کا سامنا ایسے ملک یا ممالک سے نہیں ہے جو اپنے وعدوں کے پابند رہے ہوں بلکہ ہمارا واسطہ امریکہ جیسے ملک سے پڑا ہے جس نے معاہدے کی کھلی خلاف ورزی کی ہے اور اس کا اعتراف بھی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورت میں ہمیں ایسی ضمانت ملنی چاہئے جو کہ قابل اطمینان ہو۔

یاد رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے یورپ کی جانب سے پیش کئے جانے والے مسودے کا تحریری جواب گذشتہ پندرہ اگست کو دے دیا تھا۔ ایران نے اس کے بعد کہا تھا کہ اگر امریکہ حقیقت پسندی اور لچک کا مظاہرہ کرے تو ایٹمی معاہدہ بحال ہوسکتا ہے۔ امریکہ نے یورپ کی جانب سے ایٹمی معاہدے کی بحالی کے مجوزہ روڈ میپ پر چوبیس اگست کو اپنا جواب پیش کیا تھا ۔

گذشتہ دو ستمبر کو ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے بتایا کہ ایران نے امریکی جواب کے سلسلے میں اپنی تجاویز بھیج دی ہیں ۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ ایران نے بھیجے جانے والے متن میں اپنی نیک نیتی ظاہر کردی ہے جس کا مقصد، مذاکرات کو کامیابی سے ہمکنار کرنا ہے۔

ٹیگس