Sep ۲۷, ۲۰۲۲ ۰۹:۲۹ Asia/Tehran
  • شہید قاسم سلیمانی کے اہل خانہ نے صدر ابراہیم رئیسی کی قدردانی کی

شہید جنرل قاسم سلیمانی کے اہل خانہ نے صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات اور گفتگو کی ۔

ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے شہید جنرل قاسم سلیمانی کے اہل خانہ سے ہونے والی ملاقات کے موقع پر کہا کہ شہادت اور ایثار و قربانی ایران کی طاقت کا سرچشمہ ہے اور شہداء کی یاد منانا اور ان کے مقام و منزلت کی قدردانی ہماری اہم ذمہ داری ہے۔

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے حقیقت کو چھپانے اور تحریف کرنے سے متعلق مغربی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں اور کردار کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تسلط پسند طاقتیں اپنے ذرائع ابلاغ کے ذریعے دہشتگردی کی تعریف کو اپنے من پسند مقاصد و اہداف کے تحت کرتے ہیں تاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اپنے آپ کو ہیرو کے طور پر پیش کریں، اس لئے ہماری ذمہ داری ہے کہ دشمن کو ان کے عزائم میں کامیاب نہ ہونے دیں۔

اس ملاقات میں شہید جنرل قاسم سلیمانی کے اہل خانہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں ایثار و شہادت کی ثقافت پر روشنی ڈالنے سے متعلق صدر مملکت  کے خطاب کو سراہا۔

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے77 ویں اجلاس میں اپنی تقریر کے دوران شہید جنرل قاسم سلیمانی کی تصویر دکھاتے ہوئے انہیں مزاحمت و استقامت کا ہیرو قرار دیا اور اس شہید کے قتل میں شریک ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر مجرموں کے خلاف قانونی چارہ جوئی اور مقدمہ چلانے کے اپنے پختہ عزم کا اظہار کیا۔

صدر ایران کے خطاب کے بعد سپاہ پاسداران کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی نے بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں امریکہ کے جرائم کی وضاحت کرنے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے سورما شہید قاسم سلیمانی کے قتل کی مذمت میں سید ابراہیم رئیسی کے جرأت مندانہ اقدام کو سراہا۔

ٹیگس