ایرانی فٹبال شائقین کے لئے خوشخبری
ایران کے سڑک اور شہری تعمیرات کے وزیر رستم قاسمی نے کہا کہ ایران میں لوگوں کے لیے یہ سہولت رکھی گئی ہے کہ وہ صبح کروز شپ کے ذریعے قطر جائیں اور رات تک کروز شپ میں بیٹھ کر سمندر کے راستے ایران واپس آجائیں۔
سحر نیوز/ ایران: رستم قاسمی سے صحافیوں کی جانب سے سوال کیا گیا کہ قطر نے فٹبال ورلڈ کپ کے میچز دیکھنے کے لیے ایرانیوں کو اس شرط پر ٹکٹ فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے کہ وہ قطر میں کم از کم تین دن قیام کریں گے جو بہت مہنگا پڑے گا، اس کے جواب میں سڑک اور شہری تعمیرات کے وزیر نے کہا کہ قطر کے ساتھ ہمارے جو معاہدات ہیں ان میں سے ایک سمندری سیاحت کا معاہدہ بھی ہے۔
رستم قاسمی کا کہنا تھا کہ ہم نے قطری حکام کے ساتھ اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ روزانہ بڑی تعداد میں پروازیں ایران سے قطر جائیں گی، جب کہ قطر، جو ایک پرواز کی لینڈنگ کے لیے 10 ہزار ڈالر لیتا ہے، ایران سے یہ فیس نہیں لے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانیوں کے لیے ایک اچھا راستہ یہ ہے کہ وہ کروز شپ کا سفر کریں صبح ایران سے جائیں اور رات کو واپس آجائیں۔