Oct ۱۶, ۲۰۲۲ ۰۶:۵۳ Asia/Tehran
  • ایرانی اور جمہوری آذربائیجانی وزراء خارجہ کی ٹیلی فونک گفتگو، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
    ایرانی اور جمہوری آذربائیجانی وزراء خارجہ کی ٹیلی فونک گفتگو، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

ایرانی وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے جمہوری آذربائیجان کے وزیرخارجہ جیحون بایراموف سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران جمہوری آذربائیجان اور آرمینیا کی ارضی سالمیت کا حامی ہے نیز ایران خطے میں غیرملکی افواج کی تعیناتی کا مخالف ہے۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے جمہوری آذربائیجان کے اپنے ہم منصب جیحون بایراموف سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ اس گفتگو میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق حسین امیرعبداللہیان نے اس گفتگو میں دونوں ممالک کے  باہمی روابط، ایران اور آذربائیجان کے سربراہوں کی سیکلا اجلاس میں ملاقات کو بہت اہم قرار دیا۔

ایرانی وزیرخارجہ نے قفقاز کے علاقے میں بدلتے حالات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران  جمہوری آذربائیجان اور آرمینیا کی ارضی  سالمیت اور اقتدار اعلی کا حامی ہے اور یہ ایران کی مستقل پالیسی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قفقاز کے علاقے میں غیرملکی افواج کی موجودگی دونوں ممالک کے لئے پریشان کن ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران غیر ملکی افواج کے علاقے میں تعیناتی کا مخالف ہے۔

جمہوری آذربائیجان کے وزیرخارجہ جیحون بایراموف نے بھی دونوں ممالک کے تعلقات کو اہم قراردیا اورغیرملکی افواج کے علاقے میں تعیناتی کی مخالفت کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران  کے موقف کی حمایت کی۔

ٹیگس