Oct ۲۴, ۲۰۲۲ ۱۷:۵۱ Asia/Tehran
  • علاقے میں اغیار کی کوئی ضرورت نہیں، جنرل تنگسیری

سپاہ پاسداران انقلب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر جنرل تنگسیری نے تاکید کی ہے کہ علاقے میں اغیار کی موجودگی کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور یہ کہ دشمن کی ہر جارحیت کا منھ توڑ جواب دیا جائے گا۔

سحر نیوز/ ایران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر جنرل علی رضا تنگسیری نے العالم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحریہ کے جنگی جہاز دنیا کی بحری سلامتی میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ بحیرہ عرب اور بحیرہ اسود میں بھی ایران کی سپاہ کے جوان بحری جہازوں کو تحفظ فراہم کرنے کے مشن پر ہیں۔

انھوں نے کہا کہ خلیج فارس کا علاقہ ایران اور خلیج فارس کے جنوبی ملکوں سے متعلق ہے جہاں اغیار کی موجودگی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

جنرل تنگسیری نے کہا کہ علاقے کے ملکوں کی طرف ایران کا ہاتھ بڑھا ہوا ہے اور علاقے کے ملکوں کو چاہئے کہ اس نیک نیتی کا جواب نیک نیتی سے دیں۔

انھوں نے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے بحری یونٹ نے علاقے میں فوجی مشقیں منعقد کی ہیں اور ان فوجی مشقوں میں شرکت کے لئے دوست و برادر ملکوں منجملہ قطر، عراق، عمان اور علاقے کے تمام ملکوں کو  دعوت دی گئی ہے جبکہ ایران بھی ان کی فوجی مشقوں میں شرکت کرنے کے لئے تیار ہے۔

جنرل تنگسیری نے کہا کہ دشمن اور عالمی استکبار کی جانب سے اپنے جنگی ہتھیاروں کی فروخت کے لئے دشمن تراشی کی جا رہی ہے اور اگر وہ ایسا نہ کریں تو علاقے میں نہ صرف ان کے ہتھیاروں کی منڈی ختم ہو جائے گی بلکہ علاقے میں ان کی موجودگی کا بھی کوئی بہانہ باقی نہیں بچے گا۔

ٹیگس