Oct ۳۱, ۲۰۲۲ ۱۱:۱۸ Asia/Tehran
  • آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان تنازعہ کے حل کی کوشش جاری رکھیں گے۔ امیرعبداللہیان

ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے آذری ہم منصب سے ٹیلی فون پر بات کی اور دوطرفہ تعلقات، مشترکہ مسائل کے حل اور علاقائی اور بین الاقوامی حالات پر گفتگو کی۔

سحر نیوز/ ایران: فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے آذربائیجانی ہم منصب جیحون بایراموف سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور اسلامی جمہوریہ ایران اور جمہوری آذربائیجان کے صدور کے درمیان ہونے والی ملاقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران علاقائی ممالک کی ارضی سالمیت من جملہ آذربائیجان کا حامی ہے اور ہمارا یقین ہے کہ غیروں کی اس علاقے میں موجودگی حالات کو اور پیچیدہ کردے گی اور ہم ان کی موجودگی کے مخالف ہیں۔

ایران قفقاز کے مسئلے کے درست حل کےلئے 3+3اجلاس کے طریقہ کار کا حامی ہے اور ہم آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان  مسائل کے حل کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

 ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ ہماری نظر میں خطے کی سیکورٹی ایک دوسرے کے ساتھ وابستہ ہے اور ہم جمہوری آذربائیجان کی سلامتی کو علاقے اور ایران کی سلامتی سمجھتے ہیں اور ہم نے علاقے میں غیر ملکی افواج کی تعیناتی کی مخالفت کا اعلان کیا ہے اور اس بات کو علاقائی امن، استحکام اور تعاون کے خلاف جانتے ہیں۔

جمہوری آذربائیجان کے وزیرخارجہ  نے اس ٹیلی فونی گفتگو اور رابطے کو تہران اور باکو کے گہرے روابط کی علامت قرار دیا اورکہا کہ ہم ان تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور احترام کے قائل ہیں اور علاقے میں امن و استحکام کےلئے ایران کی مدد کی تعریف کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ جمہوری آذربائیجان کے وزیر خارجہ نے ایران کی اسلامی کونسل کے چئرمین محمدباقرقالیباف کے دورہ باکو کا خیرمقدم کیا اور اسے دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں مددگار اور ایک اہم قدم قرار دیا۔ 

ٹیگس