Nov ۲۵, ۲۰۲۲ ۰۸:۱۸ Asia/Tehran
  • دشمن جان لے کہ ہر شہید کے خون کا بدلہ لیا جائیگا: سپاہ پاسداران

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا ہے کہ دشمن جان لیں کہ مناسب موقع اور مقام پر ہر شہید کے خون کا بدلہ لیا جائیگا اور ہر شہید کے خون کا حساب جدا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: فارس خبر رساں ایجنسی سے گفتگو اور اسی طرح ساتویں مالک اشتر بسیج قومی فیسٹیول کے اختتام پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی نے کہا کہ دشمن بری طرح سے ناکام اور نامراد ہو چکا ہے، کیونکہ حالیہ دنوں میں ان کی تمام تر پالیسیاں بے اثر، ناکام اور خاک میں مل چکی ہیں۔

انہوں نے شام میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے جوان داوود جعفری کی شام میں شہادت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ استقامتی محاذ آپس میں جڑا ہوا ہے اور یہ ایک  تسبیح کی مانند ہے اور استقامتی محاذ مقبوضہ فلسطین میں صیہونیوں سے شہداء کے خون کا انتقام لے گا۔

جنرل حسین سلامی نے کہا کہ بسیج تمام خوفناک واقعات کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند ہے اور ایرانی قوم کو دشمن کی جانب سے درپیش خطرات سے محفوظ رکھنے کے لئے ہمیشہ تیار ہے۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ بسیج کی تشکیل، امام خمینی (رح) بت شکن کے قلب پر خدا کی طرف سے الہام تھا، کہا کہ بسیج نے خدا کی عبادت کرنے کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کو بھی طاغوت کی اطاعت سے بچنے کی تعلیم دی ہے۔ بسیج نے استکباری سازشوں پر قابو پانے کیلئے فارمولہ بنایا ہے اور اسی فارمولے کے تحت جنگ کے میدانوں میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کی طرف سے عائد کی گئیں تمام تر غیر قانونی اور ظالمانہ پابندیاں ہتھیار ڈالنے کیلئے ایک سازش تھی، لیکن ایرانی قوم نے عالمی دباؤ کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے بجائے، امریکہ اور اس کے اتحادیوں کا بھرپور مقابلہ کیا اور مختلف شعبوں میں ترقی کی اور ترقی و پیشرفت کا یہ سلسلہ جاری ہے۔

ٹیگس