Dec ۱۶, ۲۰۲۲ ۱۰:۵۹ Asia/Tehran
  • ایران نے اقوام متحدہ میں منظور ہونے والی قرارداد کو مسترد کر دیا

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے بہانے ایران کے خلاف اقوام متحدہ میں منظور ہونے والی قرارداد کو غیرقانونی اور غیر معتبر قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایران کی وزرات خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایران کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے بہانے منظور ہونے والی قرارداد پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ قرارداد اس کو پیش کرنے والے ممالک کے دوغلے رویہ اور منافقت کا ثبوت ہے جو غیرقانونی اور بے اعتبار ہے۔

یہ قرارداد کینیڈا، یورپی ممالک اور صیہونی حکومت کی طرف سے پیش کی گئی تھی۔ ناصر کنعانی نے مزید کہا کہ اس قرارداد کو پیش کرنے والے ممالک بین الاقوامی اداروں کو ایران پر دباؤ ڈالنے کے لئے ایک آلے کے طور پر استعمال کرتے ہیں اور یہ قرارداد ان کے ان اداروں سے ناجائز فائدہ اٹھانے اور انسانی حقوق کے بہانے اپنے سیاسی مقاصد کی تکمیل کرنے کی ایک روشن مثال ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے مغربی ممالک کی جانب سے ایرانوفوبیا اور ایران کے خلاف نفسیاتی جنگ کے بارے میں کہا کہ اس قرارداد کو پیش کرنے والے ممالک ساری دنیا میں خود بنیادی اصولوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والے ممالک ہیں، وہ ایران میں انسانی حقوق کے معاملے پر منافقانہ افسوس کے بجائے ایران پر لگائی گئی اقتصادی دہشت گردانہ پابندیاں ختم کریں اور ایم کے او جیسے دہشت گرد گروہوں کو پناہ دینا بند کرے۔

ناصر کنعانی نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کی پاسداری اسلامی جمہوریہ ایران کے بنیادی اصولوں کا ایک حصہ ہے اور ایران ہمیشہ انسانی حقوق کے فروغ اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے کے حوالے سے سنجیدہ رہا ہے اور آمادہ ہے کہ دنیا میں انسانی حقوق کے فروغ، باہمی احترام، غیر امتیازی سلوک کے خاتمے، سیاسی اہداف سے بالاتر ہوکر عدالت اور انصاف کے فریم ورک میں مذاکرات اور تعمیری تعاون کا سلسلہ جاری رکھے۔

ٹیگس