عمان اور ایران کے تعلقات کے مزید فروغ پر تاکید
ایران کے وزیر خاجہ نے اپنے دورہ مسقط میں اپنے عمانی ہم منصب سے دو طرفہ تعلقات سمیت مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
سحر نیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے دورہ مسقط میں بدھ کو عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البو سعید سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ اور مختلف علاقائی مسائل پر گفتگو کی۔
ایران کے وزیر خارجہ نے اس سے قبل سلطان عمان ہیثم بن طارق آل سعید سے ملاقات میں صدر ایران کا تحریری پیغام اور دورہ تہران کا دعوت نامہ پیش کیا۔ حسین امیرعبداللہیان نے عمان کے سلطان سے ملاقات میں دونوں ملکوں کی دلچسپی کے موضوعات پر گفتگو کی اور ایران کے صدر کے دورہ عمان میں طے پانے والے سمجھوتوں پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔
اس ملاقات میں عمان کے سلطان نے امید ظاہر کی کہ مستقل قریب میں وہ ایران کا دورہ کریں گے اور ایران اور عمان کے دو طرفہ تعلقات مستقبل میں مزید فروغ پائیں گے۔
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے دورہ مسقط میں عمان کے بعض دیگر اعلی عہدیداروں سے ملاقاتوں میں بھی باہمی تعاون بڑھانے اور علاقائی نیز بین الاقوامی مسائل پر گفتگو کی۔