ایران کے خلاف صیہونی حکومت کی مہم جوئی پر تہران کا سخت انتباہ
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے علاقے میں صیہونی حکومت کی جارحانہ پالیسوں پر عمل درآمد سے متعلق ایران کے خلاف اس غاصب حکومت کی جاری مہم جوئی پر سخت خبردار کیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئرمین کے نام اپنے مراسلے میں صراحت کے ساتھ کہا ہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ ایران کے خلاف صیہونی حکومت اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کر رہی ہے بلکہ اس جعلی حکومت نے بارہا ایران میں مختلف حکام، سائنسدانوں اور ایران کی پرامن ایٹمی تنصیبات کے خلاف تخریب کارانہ اور دہشت گردانہ اقدامات کا اعتراف کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس قسم کی مہم جوئی اس بات کا ثبوت ہے کہ ایران کے خلاف تمام مجرمانہ اور دہشت گردانہ اقدامات کی ذمہ دار غاصب صیہونی حکومت ہے جسے اس طرح کے اقدامات کے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے اپنے مراسلے میں کہا کہ ایران بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق ہر قسم کے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے اور ایران اپنی قومی سلامتی کے دفاع میں اپنی کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔
انھوں نے تاکید کی کہ ایران نے ہمیشہ بین الاقوامی قوانین و معاہدوں کی پابندی کی ہے اور وہ بین الاقوامی امن و سلامتی کے منافی ہر طرح کے اقدام کی مذمت کرتا ہے۔