Jan ۱۲, ۲۰۲۳ ۱۳:۰۰ Asia/Tehran
  • جنگ یوکرین ختم کرانے میں کردار ادا کرنے کے لئے ایران کی آمادگی

ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے روسی صدر ولادیمیر پوتین سے ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو میں جنگ یوکرین ختم کرانے میں کردار ادا کرنے کے لئے تہران کی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے روسی صدر ولادیمیر پوتین سے ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو میں دو طرفہ و علاقائی تعاون کی توسیع کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
سید ابراہیم رئیسی نے روسی صدر ولادیمیر پوتین سے ٹیلیفون پر ہونے والی گفتگو میں دونوں ملکوں کے درمیان جاری اقتصادی تعاون اور خاصطور سے ٹرانزت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کو دونوں ممالک کی قوموں اور علاقے کی اقوام کے لئے سودمند تعلقات کا باعث قرار دیا۔
صدر مملکت نے اس حقیقت پر زور دیتے ہوئے کہ تعاون و ہم آہنگی کے ذریعے ہی علاقائی مسائل منجملہ قفقاز اور شام کے مسائل کو حل کیا جا سکتا ہے، کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ یکجہتی کی تقویت اور اغیار کی مداخلت کے نقصان دہ ہونے پر زور دیا ہے ۔
سید ابراہیم رئیسی نے شام کے مسائل کے حل کے لئے آستانہ امن عمل کے دائرے میں انجام پانے والی کوششوں پر تاکید کی اور تنازعات کے خاتمے اور یوکرین میں امن کے قیام کے لئے ایران کی تعمیری کوششوں اور کردار کی ادائیگی کے لئے تہران کی آمادگی کا اعلان کیا۔
اس ٹیلی فونی گفتگو میں روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے بھی دو طرفہ اقتصادی تعاون کو دونوں ملکوں کے مفاد میں قرار دیا اور کہا کہ مختلف شعبوں خاصطور سے ٹرانزٹ اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کا فروغ پورے علاقے کی معیشت کے مفاد میں ہے۔
روسی صدر نے یوکرین میں قیام امن کے لئے ایران کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے آستانہ امن عمل کے تناظر میں شام کے مسائل کے حل سے متعلق ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔
قابل ذکر ہے کہ ایران اور روس دو طرفہ اور خاصطور سے اقتصادی، فوجی، دفاعی و سلامتی کے شعبوں اور اسی طرح امریکی انانیت و یکطرفہ پسندی کا مقابلہ کرنے جیسے مختلف علاقائی و بین الاقوامی مسائل میں مشترکہ اسٹریٹجک مفادات و نظریات رکھتے ہیں اور یہی عوامل حالیہ برسوں کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتی قربت اور فروغ پاتے تعاون کا باعث بنے ہیں۔ 

ٹیگس