ایرانی وزیر خارجہ اور سید حسن نصراللہ کی ملاقات
وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے اپنے دورہ لبنان کے موقع پر حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ سے ملاقات اور گفتگو کی۔
سحر نیوز/ ایران: رپورٹ کے مطابق، اس موقع پر لبنان اور فلسطین سمیت علاقے کے اہم ترین موضوعات پر گفتگو کی گئی۔ صیہونی حکومت کے خطروں اور علاقائی اور بین الاقوامی سطح کی تبدیلیوں پر استقامتی محاذ کے موقف اور ردعمل کے بارے میں بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
قابل ذکر ہے کہ حسین امیرعبداللہیان نے لبنان پہنچنے کے بعد ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ان کا دورہ ان کے لبنانی ہم منصب کی دعوت پر انجام پایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ بیروت کے موقع پر دوطرفہ، باہمی دلچسپی کے امور اور مسئلہ فلسطین کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔
وزیر خارجہ نے زور دیکر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران لبنان کے عوام، حکومت، فوج اور استقامتی محاذ کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے اس بات پر بھی یقین ظاہر کیا ہے کہ لبنان کے سیاسی دھڑوں اور تحریکوں میں غیرملکی مداخلت پسندانہ اقدامات کو مسترد اور نئے صدر کا انتخاب کرنے کی مکمل صلاحیت اور اہلیت موجود ہے۔
قابل ذکر ہے کہ لبنانی ارکان پارلیمنٹ صدر میشل عون کے جانشین کے انتخاب پر اب تک اتفاق نہیں کرسکے ہیں جس کے نتیجے میں لبنان میں سیاسی بحران میں شدت آتی جا رہی ہے۔