ایران، پورپی پارلیمنٹ کی قرارداد کا منہ توڑ جواب دے گا: اسپیکر قالیباف
ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے سپاہ پاسداران کو دہشت گرد گروہوں کی نام نہاد فہرست میں شامل کیے جانے پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: شمالی ایران کے شہر بندر انزلی میں شہدا کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر محمد باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ ایران کی پارلیمنٹ یورپی پارلیمنٹ کے اس اقدام کا منہ توڑ جواب دے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی پارلیمنٹ بھی دہشت گردی کی حامی یورپی حکومتوں اور ان کی مسلح افواج کو دہشت گرد گروہوں کی فہرست میں شامل کرے گی۔
محمدباقر قالیباف نے کہا کہ یورپی حکومتوں کے لیے بہتر ہے کہ وہ خود کو امریکہ اور اسرائیل کے عالمی استکبار کے خفیہ تسلط سے آزاد کریں اور خطے میں دانشمندانہ فیصلے کریں ورنہ انہیں نقصان اٹھانا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ یورپی ملکوں کے رویئے سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے دہشت گردی اور دہشت گردوں کی حمایت کو اپنی سرکاری پالیسیوں کا حصہ بنا رکھا ہے۔