روس کے پارلیمنٹ اسپیکر کی صدرِ ایران سے ملاقات
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ایران روس کیساتھ معاہدوں پر مکمل عمل درآمد کا خواہاں ہے اور دونوں فریقوں کی صلاحیتیں ایک دوسرے کی تکمیل کر سکتی ہیں.
سحر نیوز/ایران: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق، تہران کے دورے پر آئے روسی پارلیمنٹ ڈوما کے اسپیکر ویاچسلاو والودین نے پیر کو صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ایران اور روس کے درمیان اقتصادی تعلقات فروغ پا رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت، توانائی، ٹرانزٹ اور ٹرانسپورٹیشن کے مختلف شعبوں میں متنوع اور بے شمار صلاحیتیں موجود ہیں، جنہیں تعاون کو وسعت دینے کے لیے مزید فعال کیا جا سکتا ہے۔
ایران کے صدر نے کہا کہ ان کا ملک روس کیساتھ معاہدوں پر مکمل عمل درآمد کا خواہاں ہے اور دونوں فریقوں کی صلاحیتیں اور گنجائشیں ایک دوسرے کی تکمیل کر سکتی ہیں اور ان کے استعمال سے دونوں ممالک کے مفادات کی فراہمی کے علاوہ علاقائی فوائد بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔
اس ملاقات میں روسی پارلیمنٹ ڈوما کے اسپیکر ویاچسلاو والودین نے بھی علاقائی اور ہمسایہ تعلقات کی مضبوطی سے متعلق صدر رئیسی کے موقف کو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی توسیع کا باعث قرار دیا اور کہا کہ روس بھی اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کی سطح کو بہتر بنانے کے بارے میں یہی نقطہ نظر اور رائے رکھتا ہے اور ہمارا ایجنڈا دونوں ممالک کے سربراہان کی منشا کے مطابق تعاون کو فروغ دینے کی کوشش ہے۔