سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ہماری ریڈ لائن: ایران
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے اس کی حمایت میں کسی بھی کوشش سے دریغ نہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ایران: فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے یورپی یونین اور برطانیہ کی جانب سے ایرانی شخصیات اور اداروں کو پابندیوں کی فہرست میں ڈالنے پر سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ عوام، حکومت، پارلیمنٹ، عوامی نمائندوں اور عدلیہ کے ساتھ ہم آہنگ اور ایک صدا ہو کر ہر طرح کے مداخلت پسندانہ اور بین الاقوامی قوانین کے مخالف اقدامات اور بیانات کی شدید مذمت کرتی ہے۔
کنعانی نے مزید کہا کہ یہ محکمہ ملک کی مقدس اور قومی اقدار کی علامت اور دہشت گردی اور انتہا پسندی کی مختلف شکلوں کے خلاف جنگ میں ایک سرکردہ قوت کے بطور پہچانے جانے والی فورس سپاہ پاسداران سے اپنی مکمل حمایت کا اعلان کرتا ہے اور اس سلسلے میں اسے کسی بھی قسم کا کوئی شک و شبہہ لاحق نہیں ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یورپی یونین اور برطانوی حکومت کے خلاف ایران کی جانب سے اعلان کردہ پابندیوں کی فہرست کے حوالے سے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی خودمختاری، قومی مفادات اور اپنے سرکاری، معتبر اور طاقت کے مظہر اداروں کے دفاع کا پختہ عزم رکھتا ہے اور خارجہ پالیسی کے اصولوں اور پالیسیوں، بین الاقوامی قانون کے واضح معیارات اور ریاستی خودمختاری کے اصول کے دائرے میں رہتے ہوئے اسے حقیقت کا روپ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ ایران نے برطانیہ اور یورپی اداروں، شخصیات اور کمپنیوں پر اس لئے پابندی عائد کی کہ انہوں نے دہشت گردی اور دہشت گرد گروہوں کی حمایت، دہشت گردی کو فروغ دینے، اس پر اکسانے، تشدد اور نفرت پھیلانے کے لئے اقدامات کئے جو فسادات، تشدد، دہشت گردی کی کارروائیوں اور ایرانی عوام کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا باعث بنے۔