Jan ۲۹, ۲۰۲۳ ۰۹:۱۹ Asia/Tehran
  • ایران کی وزارت دفاع کے ایک مرکز پر حملہ ناکام بنا دیا گیا (ویڈیو)

ایران کے مرکزی اور تاریخی شہر اصفہان میں واقع وزارت دفاع کے ایک مرکز پر حملے کی کوشش کی گئی جسے ناکام بنا دیا گیا۔

سحر نیوز/ایران: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق ایران  کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اصفہان میں مائکرو ڈرون طیاروں کے ذریعے ہونے والے دہشت گردانہ حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔

 

گذشتہ رات ایران کے اصفہان شہر میں واقع وزارت دفاع کے ایک صنعتی ورکشاپ سے دھماکے کی آواز سنائی دی اور اس سلسلے کی ایک فوٹیج بھی منظر عام پر آئی جس کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ مائکرو ڈرون طیاروں یا کواڈ کاپٹروں کے ذریعے کیا جانے والا حملہ ناکام رہا اور اس دہشت گردانہ حملے میں استعمال ہونے والے ایک مائکرو ڈرون طیارے کو ایئرڈیفنس یونٹ نے مار گرایا جبکہ دھماکہ خیز مواد سے لیس دو اور مائکرو ڈرونز کو دفاعی جال میں پھنسا کر تباہ کردیا گیا۔رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ گذشتہ رات ساڑھے دس بجے پیش آیا۔ وزرات دفاع کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ اس بیان میں درج ہے کہ ورکشاپ کی چھت کو مختصر نقصان پہنچا تاہم وہاں موجود وسائل اور مشینیں مکمل طور پر محفوظ ہیں اور ان کی کارکردگی میں کسی بھی قسم کا خلل پیدا نہیں ہوا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ طاقت، استحکام اور سیکورٹی کی جانب ایران کی مسلح افواج کی پیش قدمی پوری سنجیدگی اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی اور دشمنوں کی ایسی حرکتیں ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکیں گی۔

ٹیگس