آزاد ممالک کے خلاف اقتصادی دہشت گردی کے غبارے سے ہوا نکل چکی: ایران
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ آزاد ممالک کے خلاف اقتصادی دہشت گردی کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے۔
سحر نیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ آزاد و خود مختار ممالک میں اقتصادی دہشت گردی غیر مؤثر ہو چکی ہے۔ انہوں نے یہ ٹوئیٹ نکاراگوا، وینزویلا اور کیوبا کے حکام کے ساتھ اپنی ملاقات اور گفتگو کے بعد کیا۔
حسین امیرعبداللہیان نے مزید لکھا: نکاراگوا، وینزویلا اور کیوبا کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں میں مغربی ایشیا اور لاطینی امریکہ کے آزاد اور اسٹریٹجک ممالک کی یکجہتی پر زور دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزاد و خودمختار ممالک میں عوام کو سماجی دباؤ میں مبتلا کرنے کیلئے اقتصادی دہشت گردی اور انسانی حقوق کو ایک آلے کے طور پراستعمال کرنے کا دور اب گزر چکا ہے اور یہ طریقۂ کار اب بے اثر ہے۔
امیر عبداللہیان نے واضح کیا کہ یکطرفہ اور من پسند پالیسی اپنے انجام کو پہنچ چکی ہے۔
حسین امیرعبداللہیان 31 جنوری بروز منگل موریطانیہ کے دارالحکومت نواکشوت پہنچےاور یکم فروری کو نیکاراگوا کے حکام سے ملاقات کے لیے اس ملک کا سفر کیا۔ جبکہ لاطینی امریکہ کے دورے کے دوران وہ 3 فروری کو وینیزویلا اور پھر 4 فروری کو کیوبا کے دارالحکومت ہوانا پہنچے۔