Feb ۰۹, ۲۰۲۳ ۱۰:۵۵ Asia/Tehran
  • رہبر انقلاب اسلامی کا زلزلہ متاثرین کے ساتھ اظہار ہمدردی

انقلاب اسلامی کے سپریم لیڈر امام سید علی خامنہ ای نے ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہلاک، زخمی اور بے گھر ہونے والے افراد سے تعزیت کا اظہار اور امداد جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: میڈیا رپورٹ کے مطابق انقلاب اسلامی کے سپریم لیڈر امام سید علی خامنہ ای نے بدھ کے روز فضائیہ کے افسروں اور ایئر ڈیفنس کے سیکڑوں کمانڈروں اور جوانوں کے ایک اجتماع سے خطاب کے دوران  شام اور ترکیہ میں آنے والے حالیہ زلزلے پر اظہار افسوس کیا۔ آپ نے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار اور جاں بحق ہونے والوں کے لیے رحمت و مغفرت طلب کرتے ہوئے فرمایا کہ ہمیں آپ کے دکھ اور رنج کا احساس ہے۔

 رہبر انقلاب امام سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ ترکیہ اور شام میں ہمارے بھائیوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کو سن کر ہمیں بڑا دکھ ہوا ہے، ہم بھی زلزلے سے متاثر ہوئے ہیں اور ہمیں معلوم ہے کہ یہ کس قدر تکلیف دہ ہوتا ہے، زلزلہ آتا ہے اور بہت سے گھرانوں کے پیارے اُن سے بچھڑ جاتے ہیں، یہ بہت دکھ بھرا اور تکلیف دہ واقعہ ہے اور ہم ان کا درد محسوس کر سکتے ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ 7 اعشاریہ 8 ریکٹر اسکیل کے زلزلے اور اس سے پیدا ہونے والے انسانی المیہ پر ایران کو دکھ پہنچا ہے، بحمد اللہ ہمارے ملک کے عہدیداران نے بھی کچھ مدد کی ہے اور مزید مدد کریں گے۔
یاد رہے کہ ترکی اور شام میں زلزلے سے اب تک ہزاروں لوگ جاں بحق اور زخمی ہو گئے ہیں اور بہت سے لوگ ابھی تک ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں، جن کو نکالنے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لئے ایران نے اپنی کئی امدادی ٹیمیں ترکیہ اور شام روانہ کی ہیں جب کہ امدادی سامان کے کئی جہاز بھی ان ممالک کو ارسالکر چکا ہے۔

ٹیگس