Feb ۱۳, ۲۰۲۳ ۱۶:۱۸ Asia/Tehran
  • جشن انقلاب کی عظیم الشان ریلیوں نے دشمنوں کو مایوس کردیا: ایرانی عہدیداروں کے بیانات

اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی عہدے داروں اور فوجی اور سول حکام نے کہا ہے ایرانی عوام نے جشن انقلاب کے ملک گیر جلوسوں میں تاریخی شرکت کرکے دشمنوں کی سازشوں پر پانی پھیر دیا۔

سحرنیوز/ایران: دارالحکومت تہران سمیت ایران کے ہر شہر اور ہر قصبے کے رہنے والوں نے اسلامی انقلاب کی سالگرہ شاندار انداز میں منائی۔
ایرانی عوام نے ملک گیر وسیع ریلیوں میں شرکت کرکے عوام اور اسلامی اقدار اور انقلاب کے درمیان اٹوٹ رشتے کی عکاسی کردی جس کی عالمی میڈیا منجملہ نیوز چینلوں اور خبررساں ادارے، کوریج دینے پر مجبور ہوگئے۔
ایرانی عوام کی شاندار شرکت کے بارے میں مسلح افواج کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل محمد باقری نے کہا کہ ایران کے بابصیرت عوام نے گیارہ فروری جشن انقلاب کی ریلیوں میں تاریخی شرکت کرکے دشمنوں کی تمام سازشوں، پروپیگینڈوں اور ناپاک عزائم پر پانی پھیر دیا۔ 
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایئرواسپیس شعبے کے سربراہ جنرل امیرعلی حاجی زادہ نے جشن انقلاب کی عظیم الشان ریلیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے فوجی اور سیکورٹی میدانوں میں دشمنوں کو سنگین شکست سے دوچار کیا ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس وقت ہم سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی پیش پیش ہیں اور اسی طرح دوسرے شعبوں میں بھی ترقی کرکے انقلاب کے اعلی اہداف حاصل کرسکتے ہیں جس کے لئے ہمیں مزید خوداعتمادی سے کام لینا ہوگا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل یداللہ جوانی نے بھی گیارہ فروری کی وسیع عوامی ریلیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام نے ثابت کردیا کہ وہ ملک کے مستقبل پر توجہ رکھتے ہیں۔
جنرل یداللہ جوانی نے کہا کہ مغربی طاقتیں علاقائی تبدیلیوں سے گھبرائی ہوئی اور یورپ اور امریکہ کی تسلط پسندی کے خاتمے کی جانب سے خوفزدہ ہیں، اسی لئے طاقت کے توازن کو مغرب سے مشرق کی جانب منتقل ہونے دینا نہیں چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوسری جانب امریکہ اور یورپ ایرانی عوام کی خودمختاری اور خوداعتمادی کو برداشت نہیں کر پا رہے ہیں، اسی لئے دشمنوں نے اسلامی نظام اور ایران کو تباہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم اسلامی انقلاب کی چوالیسویں سالگرہ میں ایرانی عوام کی وسیع شرکت نے انہیں مایوس کرکے رکھ دیا۔
اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی مناسبت سے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی جانب سے جاری بیان میں بھی زور دے کر کہا گیا ہے کہ گیارہ فروری کی ریلیوں میں ایرانی عوام کی شرکت، تاریخی، شاندار، پرشکوہ اور حیرت انگیز رہی جس سے دشمنوں کو بری طرح ذلت کا سامنا کرنا پڑا۔
اس بیان میں آیا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی فوج کے ایک عوامی اور انقلابی ادارے کی حیثیت سے، قومی مفادات، اقدار اور عوام اور نظام کی حفاظت کو اپنا ہدف اور اپنی اسٹریٹیجی سمجھتی ہے اور اپنے اس مشن سے ہرگز لاپرواہی نہیں برتے گی۔
تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ آملی لاریجانی نے بھی کہا ہے کہ یوم آزادی کے شاندار عوامی جلوسوں نے ثابت کردیا کہ ایرانی نوجوان اپنے انقلابی جوش و جذبے کے ساتھ، ایران کو قابل رشک بلندیوں تک پہنچا کر ہی اطمینان کی سانس لیں گے۔

ٹیگس