صدر ایران چین پہنچ گئے، مشترکہ تعاون کے 25 معاہدوں پر ہوں گے دستخط
صدر ایران سید ابراہیم رئیسی چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔
سحر نیوز/ایران: ذرائع کے مطابق ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کی باضابطہ دعوت پر مقامی وقت کے مطابق منگل کی صبح چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچے جہاں چین کے وزیر ثقافت و سیاحت نے ان کا خیر مقدم کیا۔
اپنے تین روزہ دورے کے دوران صدر ایران سب سے پہلے چین کے صدر سے خصوصی ملاقات کریں گے۔ اسکے بعد دونوں ممالک کے اعلی سطحی وفود کی مختلف شعبوں میں ملاقاتیں ہوں گی۔ ایران اور چین کے صدور کی موجودگی میں مختلف شعبوں میں تعاون کے بیس معاہدوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔
صدر ایران نے چین روانگی سے قبل تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور چین دونوں ہی بہت سی گنجائشوں کے مالک ہیں اور دونوں خودمختار ممالک کے طور پر علاقائی اور عالمی سطح پر مشترکہ مفادات کے حامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیجنگ تہران کے تعلقات اب تک مطلوبہ سطح کے نہیں تھے اور پسماندگی کا شکار رہے جس کی دونوں ممالک کی جانب سے تلافی کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ صدر ایران کا گزشتہ بیس برسوں کے دوران یہ چین کا یہ پہلا باضابطہ سرکاری دورہ ہے۔ اپنے دورہ چین کے موقع پر صدر رئیسی نے رہبرانقلاب اسلامی سے بھی ملاقات کی۔ قابل ذکر ہے کہ تہران اور بیجنگ نے پچیس سالہ اسٹریٹیجک معاہدے کے تحت، سیاسی اور اقتصادی میدانوں میں تعاون کی جانب اہم قدم اٹھائے ہیں جسے دونوں ممالک کی قیادت کی حمایت بھی حاصل ہے۔
صدر سید ابراہیم رئیسی کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف محمد جمشیدی نے بھی کہا ہے کہ اس دورے میں ایران اور چین کے اسٹریٹیجک معاہدے پر عملدرآمد کے طریقہ کار کو حتمی شکل دی جائےگی۔