Feb ۱۴, ۲۰۲۳ ۱۸:۴۱ Asia/Tehran
  • ایران اور ‍چین کے درمیان بیس معاہدوں پر دستخط

ایران اور چین کے صدور نے بیجنگ میں اپنی ملاقات میں کہا ہے کہ ایران اور چین کی دوستی اور تعاون کسی بھی علاقائی یا عالمی مسئلے سے متاثر ہوئے بغیر، مضبوط و مستحکم ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران اور چین کے صدور نے تہران اور بیجنگ کے تعلقات کو مستحکم قرار دیا جو کہ علاقائی اور عالمی تبدیلیوں سے متاثر نہیں ہوتا ۔ دونوں ممالک کے صدور نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی اور عالمی معاملات پر بات چیت کی اور تہران اور بیجنگ کے درمیان تعاون میں فروغ پر زور دیا۔

صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی کے ہمراہ اعلی سطحی وفد نے چینی وفد کے ساتھ دونوں ملکوں کے صدور کی موجودگی میں کرائسس منیجمنٹ، سیاحت، آئی ٹی، ماحولیات، بین الاقوامی تجارت، کاپی رائٹ، زراعت، برآمدات، صحت اور طب، میڈیا، اسپورٹس اور ثقافتی میراث سمیت مشترکہ تعاون کے بیس معاہدے پر دستخط کئے۔ ان معاہدوں کے تحت چین، ایران کے مختلف شعبوں منجملہ تہران مشہد تیز رفتار الیکٹرک ٹرین اور تہران کے امام خمینی بین الاقوامی ایئرپورٹ اور مکران کے ساحلوں کے توسیعی منصوبے سمیت متعدد دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا۔

یاد رہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے آج صبح صدر سید ابراہیم رئیسی کا باضابطہ استقبال کیا۔ اس موقع پر اکیس توپوں کی سلامی دی گئی اور دونوں صدور نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا ۔

قابل ذکر ہے کہ اقتصاد اور خزانہ، خارجہ امور، پیٹرولیم، صنعت اور زراعت کے وزرا اور سینٹرل بینک کے سربراہ اس دورے میں صدر مملکت رئیسی کے ساتھ چین کے دورے پر ہیں۔

ٹیگس