ایران کے خلاف ایک اور سازش ناکام ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر کل ایران پہنچیں گے
ایران کے خلاف دشمنوں کی ایک اور سازش ناکام ہوئی اور ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر کل ایران پہنچیں گے۔
سحر نیوز/ ایران: ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی کل جمعہ کی شام تہران پہنچ رہے ہیں ۔
بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل اس دورے کے دوران ایران کے حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
یہ ملاقات اس وقت ہو رہی ہے جب مغربی عبرانی سازشی محور تہران کی 84 فیصد یورینیم افزودگی کے حوالے سے بلومبرگ کی مبینہ رپورٹ کو بڑا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی نے بدھ کو کابینہ کے اجلاس کے موقع پر ایران اور آئی اے ای اے کے مابین تازہ ترین تعاون کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کےجواب میں کہا کہ ایٹمی معاملے پر ایران اور ایجنسی کے درمیان سبھی اختلافی موضوعات حل کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینٹریفیوج مشینوں یا کچھ ذرّات کےبارے میں جو شبہات یا معاملات اٹھائے گئے تھے وہ حل ہوگئے اور دونوں طرف کے ماہرین کے جائزوں کے بعد اس نتیجے پرپہنچے کہ ایران کی پرامن ایٹمی سرگرمیوں میں کسی بھی طرح کا کوئی انحراف نہیں ہے -
انہوں نے کہا کہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کے ساتھ رابطے برقرار ہیں اور ایجنسی کے وفود بھی تہران آئے تھے اور تمام مسائل حل کرلئے گئے ہیں - انہوں نے کہا کہ جن باتوں کو مشکوک بناکر پیش کیا گیا تھا درحقیقت ان کی اتنی اہمیت ہی نہیں تھی کہ ماہرین کی سطح پر ان کا جائزہ لیا جاتا - انہوں نے کہا کہ انہی الزامات کی ہی وجہ سے ایٹمی معاہدہ طے پایا تھا اور پچھلے بیس برسوں سے اسی طرح کے بے بنیاد الزامات عائد کئےجارہے ہیں ۔
ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے سربراہ نے آئی اے ای اے کے سربراہ کے جمعہ کے روز دورہ تہران کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرسکتا ہے لیکن ہم معمول سے ہٹ کر کسی بھی بات کو خواہ وہ سیاسی ہو یا پھر دباؤ کی شکل میں قبول نہیں کریں گے۔