مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانا چاہتے ہیں، ایرانی وزیر خارجہ
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ تہران قومی مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے، مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان کا تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایران سفارت کاری اور مذاکرات کے راستے پر ثابت قدمی سے ڈٹا ہوا ہے اور مذاکرات سے پیچھے ہٹنے والا نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے امریکیوں اور مغرب والوں پر واضح کردیا ہے کہ ریڈ لائنوں کو خیال رکھتے ہوئے قومی مفادات کی تکمیل نیز ایسے معاہدے کا حصول جس کی تمام فریق پابندی کریں، ایران کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ہم سیاسی خود مختاری کے حوالے سے نہ شرقی نہ غربی کے نعرے پر قائم ہیں لیکن ساتھ ہی مشرق و مغرب کے ساتھ اچھے تعلقات کو آگے بڑھا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفادات کے لیے جہاں بھی ضروری ہوا ہم وہاں موجود ہوں گے۔
حسین امیرعبداللھیان نے کہا کہ ہم مسئلہ فلسطین اور مزاحمتی محاذ کی حمایت ہر گز ترک نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین، افغانستان، یمن اور فلسطین کے بے گناہ بچوں اور خواتین کا درد ہمارا اپنا درد ہے، ہم جنگ کے خلاف ہیں اور جنگ یوکرین میں کسی بھی فریق کی مدد نہیں کر رہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم سمجھتے کہ جنگ دنیا میں کسی بھی مسئلہ کا حل نہیں ہے بلکہ بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے نتیجہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔