Mar ۱۷, ۲۰۲۳ ۱۱:۴۱ Asia/Tehran
  • متحدہ عرب امارات کا ایران کے ساتھ اسٹریٹیجک تعلقات کو فروغ دینے پر زور

دبئی کے امیر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ایرانی نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سربراہ علی شمخانی سے ملاقات کے دوران کہا کہ ایران کے ساتھ باہمی اور اسٹریٹیجک تعلقات کا فروغ متحدہ عرب امارات کےلئے ہمیشہ سے اہم رہا ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایرانی نیشنل سیکورٹی کونسل کے سربراہ علی شمخانی جمعرات کو سرکاری دورے پر دبئی پہنچے ہیں جہاں انہوں نے متحدہ عرب امارات کے حکام، دبئی کے وزیراعظم اور دبئی کے امیر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم سے ملاقات کی۔

دبئی کے امیر نے ملاقات کے دوران ایران کے ساتھ ہونے والے سابقہ معاہدوں پر کام تیز کرنے اور راستے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر زور دیا تاکہ باہمی تعاون بڑھایا جاسکے۔

علی شمخانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مسلسل اور تعمیری تعاون کو مضبوط کرنے کا خواہاں ہے اور اس حوالےسے ایران اپنی ساری صلاحیتیوں کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

ایرانی سلامتی کونسل کے سربراہ نے علاقے میں امن و استحکام کی ضرورت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کا فقدان ہے اور یہ امن و استحکام کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ اور علاقے کی اقتصادی ترقی کےلئے ایک بڑا دھچکا اور رکاوٹ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں تمام جہات میں باہمی روابط اور تعاون بڑھانے کی ضرورت ہےجو یقینی طور پر خطے کے ممالک کی سلامتی، امن اور رفاہ میں مددگار ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق شیخ محمد بن راشد آل المکتوم نے ایڈمرل علی شمخانی کو اس معاہدے پر بھی مبارک باد دی جس کے تحت ایران اور سعودی عرب نے دو طرفہ تعلقات بحال کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ ان کا ملک اس معاہدے پر عمل درآمد میں مدد فراہم کرنے کےلئے اپنی تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائے گا۔

دبئی کے امیر نے ایڈمرل شمخانی کے دورہ دبئی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ دو طرفہ اور اسٹریٹجک تعلقات کا فروغ متحدہ عرب امارات کےلئے ہمیشہ سے بہت اہمیت کا حامل رہا ہے۔

ٹیگس