Mar ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۳:۱۰ Asia/Tehran
  • علی شمخانی دورۂ عراق پر بغداد کے لئے روانہ ہو گئے

ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ ایڈمرل علی شمخانی ایک اقتصادی ٹیم کے ہمراہ اپنے سرکاری دورے پر عراق روانہ ہوگئے ہیں۔

سحرنیوز/عالم اسلام: ایڈمرل علی شمخانی ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے عراق روانہ ہوگئے ہیں۔ اس سفر میں ان کے ساتھ ایران کے سینٹرل بینک کے سربراہ، وزارت خارجہ میں اقتصادی اور خلیج فارس ممالک کے امور میں ایرانی وزیر خارجہ کے مشیر عراق پہنچے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق شمخانی کے عراقی ہم منصب قاسم الاعرجی نے انہیں عراق کے دورے کی دعوت دی تھی جہاں پر وہ عراق کی مختلف اعلیٰ سیاسی اور اقتصادی شخصیتوں سے ملاقات اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ایڈمرل علی شمخانی اپنے دورے کے دوران مشترکہ سکیورٹی کے اس معاہدے پر بھی دستخط کریں گے جس پر چند ماہ قبل دونوں ممالک نے مذاکرات کئے تھے۔

یاد رہے کہ عراق ایران کا دوسرا بڑا تجارتی شریک ہے اور ایڈمرل شمخانی کے ساتھ ایرانی بینکوں اور اقتصادی امور کے ماہرین کی ہمراہی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

ٹیگس