Apr ۰۶, ۲۰۲۳ ۱۵:۵۱ Asia/Tehran
  •  ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کی ملاقات، مختلف معاہدوں کی بحالی پر اتفاق

ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے بیجنگ میں ملاقات کی ۔ اس ملاقات میں تہران اور ریاض میں سفارتخانے اور جدے اور مشہد میں قونصل خانے کھولنے کے ساتھ ہی سیکورٹی، اقتصادی ، تجارتی ، علمی و سائنسی، ثقافتی اور کھیل کود سے متعلق معاہدوں کی بحالی پر بھی اتفاق کیا گیا ۔

سحر نیوز/ ایران: چین کے دارالحکومت بیجنگ میں جمعرات کو ایران اور سعودی عرب کے وزراء خارجہ کی ملاقات ہوئی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل فرحان کے مابین  یہ ملاقات چین میں ہوئی۔

اس سے قبل ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ بدھ کو بیجنگ پہنچے۔

رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے وزراء خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کی بحالی، سفارت خانے اور قونصل خانے کھولنے جیسے امور کے علاوہ دو طرفہ دلچسپی کے دیگر موضوعات پر بھی بات چیت کی۔

دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں تہران اور ریاض میں سفارتخانے اور جدے اور مشہد میں قونصل خانے کھولنے کے ساتھ ہی سیکورٹی، اقتصادی ، تجارتی ، علمی و سائنسی، ثقافتی اور کھیل کود سے متعلق معاہدوں کی بحالی پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اس اہم ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے وزراء خارجہ نے ایک مشترکہ بیان پر دستخط بھی کئے۔

اس مشترکہ بیان میں فریقین نے دو طرفہ تعلقات کی توسیع اور سیکورٹی تعاون کے معاہدے سمیت مختلف معاہدوں منجملہ تجارتی، اقتصادی، سرمایہ کاری، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت و کھیل کود سے متعلق معاہدوں کی بحالی کے لئے مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔

ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے اس بات سے بھی اتفاق کیا کہ دونوں ممالک میں ایک دوسرے کے نمائندہ دفاتر کھولے جائیں گے اور تہران و ریاض میں سفارت خانے اور جدہ و مشہد میں قونصل خانے  کھولے جانے کے لئے ضروری اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔

دونوں ملکوں کے مشترکہ بیان میں اس بات سے بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی توسیع ، پروازوں کی بحالی، دونوں ملکوں کے شہریوں کی رفت و آمد اور ویزوں خاصطور سے عمرہ ویزوں کے اجرا کے لئے سہولیات کی فراہمی جیسے امور پر گفتگو کے لئے تکنیکی وفود کے درمیان ہم آہنگی اور ضروری اقدامات عمل میں لائے جانے کے لئے رابطوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ایران و سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے اسی طرح دو طرفہ تعاون کی توسیع کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے اپنی آمادگی کا اظہار کیا اور ایسے تمام شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا جو علاقے میں امن و استحکام کا موجب بن سکتے ہیں اور دونوں ملکوں کی قوموں کے مفادات کے تحفظ کا باعث بن سکتے ہیں۔

دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کے بعد بیجنگ میں ایران کے سفیر نے دو طرفہ سفارتی تعلقات کی بحالی اور مستقبل قریب میں سفارت خانوں اور قونصل خانوں کو کھولنے کے سلسلے میں دو طرفہ آمادگی کا اعلان کیا۔

چین میں ایران کے سفیر محمد کشاورز زادہ نے ایران و سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کی ملاقات اور مشترکہ بیان کو دو طرفہ تعلقات کی بحالی و توسیع کا باعث قرار دیا اور اس سسلسلے میں چین کی بھرپور کوششوں کی قدردانی کی۔

انھوں نے کہا کہ سفارتکاری کے لئے چین کی ڈپلومیسی کامیاب رہی جس کے نتیجے میں علاقے میں امریکی غلطیوں کا ازالہ ہو گا۔ 

ٹیگس