Apr ۰۷, ۲۰۲۳ ۱۳:۵۰ Asia/Tehran
  • فلسطینی کاز کے لئے ایران کی مکمل حمایت کا اعادہ

صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ فلسطینی قوم کے حقوق کی حمایت اور غاصب صیہونی حکومت کے خلاف مجاہدت امت مسلمہ کی گھٹی میں شامل ہے۔

سحر نیوز/ ایران: ایوان صدر سےجاری ہونے والے پریس نوٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے اپنے انڈونیشیائی ہم منصب جوکو ویدودو سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کی جارحیت اور مجرمانہ اقدامات کے مقابلے میں امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ 
صد ایران نے فلسطین کی موجودہ صورت حال پر بات چیت کرتے ہوئے اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس بلائے جانے کی بھی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین عالم اسلام کا دل ہے لہذا مظلوم فلسطینی قوم کے دفاع کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے کی غرض سے اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس بلایا جانا ضروری ہے۔ 
صدر ایران نے واضح کیا کہ عالم اسلام کو عالمی تبدیلیوں میں ایک بلاک بننے کے لیے باہمی اتحاد و یکجہتی کی اشد ضرورت ہے لہذا اسلامی جمہوریہ ایران مسلم ملکوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کی ہر کوشش کی حمایت کرتا ہے۔ 
انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو نے اسلامی تعاون تنظیم کا اجلاس بلائے جانے کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ اجلاس اسلامی ملکوں کے درمیان تعاون اور تعلقات کی زیادہ سے زیادہ تقویت کا موجب بنے گا۔ 
دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان نے بھی اسلامی تعاون تنظیم کے ‎سیکریٹری جنرل سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے مسجد الاقصی پر صیہونی حکومت کی حالیہ جارحیت کے معاملے پر اس تنظیم کا ہنگامی اجلاس بلانے کی اپیل کی ہے۔ 
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللھیان اور اسلامی تعاون تنطیم کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طاھا کے درمیان ٹیلی فون پر ہونے والے رابطے میں مسجد الاقصی پر صہیونی حکومت کی جارحیت اور اس مقدس کی مقامی کی بے حرمتی کے واقعے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 
وزیر خارجہ حسین امیرعبداللھیان نے اسلامی تعاون تنظیم کا ہنگامی اجلاس بلانے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس اجلاس کے انعقاد میں ہر طرح تعاون کرنے کے لیے آمادہ ہے۔
واضح رہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے بدھ کی صبح مسجد الاقصی میں معتکفین پر حملہ کرکے انہیں مقدس مقام سے باہر نکال دیا تھا۔

ٹیگس