عالم اسلام، لبنان اور غزہ پر صیہونی حملوں کانوٹس لے: ایران
اسلامی جمہوریہ ایران نے لبنان کے جنوبی علاقوں اور غزہ پٹی پر صیہونی فوج کے فضائی حملوں کی مذمت کی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے لبنان اور غزہ پر حملوں کو مسجد الاقصی اور فلسطینی عوام پر صیہونی فوجیوں کی وحشیانہ جارحیت کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت نے لبنان کے اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت اور فلسطینی عوام کو نشانہ بنا کر تمام عالمی قوانین اور انسانی حقوق کے اصولوں کو پاؤں تلے روند ڈالا ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے غاصب صیہونیوں کے مقابلے میں عالمی برادری اور ذمہ دار بین الاقوامی اداروں کی جانب سے فوری اور موثر ردعمل کی ضرورت پر زور دیا۔
ترجمان وزارت خارجہ نے اپنے اس بیان میں کہا ہے کہ اسلامی ممالک کی حکومتوں کو چاہئے کہ فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت میں متحد ہوکر مستحکم اور دوٹوک موقف اختیار کریں تا کہ صیہونیوں کی جارحیت اور مسجد الاقصی کی مسلسل بے حرمتی کو فوری طور پر روکا جاسکے۔