یمن کے عوام کے حقوق کی ماضی کی طرح حمایت کرتے رہیں گے: صدر رئیسی
ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ماضی کی طرح یمن کے عوام کے حقوق اور ان کی سرنوشت کے تعین کے لئے مذاکرات کی حمایت کرتے رہیں گے۔
سحر نیوز/ ایران: صدارتی ہاوس سے جاری بیان کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط کے ٹیلی فونی رابطے کے جواب میں یمن کے عوام، اس کونسل کے رہنماوں اور یمن کی اہم شخصیات کو عید فطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے یمن کے سیاسی قیدیوں کی رہائی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے یمنی عوام کی استقامت کا نتیجہ قرار دیا۔
صدر مملکت نے یمن کے مسائل کے حل کے لئے ہونے والے مذاکرات کے نتائج پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ مذاکرات کے جاری رہنے سے یمن میں جنگ بندی، یمنی عوام کے محاصرے کے خاتمے اور تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لئے حالات فراہم ہوں گے۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے یمن کی سیاسی پارلیمنٹ کے نمائندوں کی جانب سے رہبر انقلاب اسلامی کو سلام پہنچانے کے ساتھ ساتھ یمن کے لئے ایران کی حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ عالم اسلام کی یکجہتی کے پرتو میں خداوند متعال اسلامی امت کے لئے بہترین حالات فراہم کرے گا۔