سید حسن نصراللہ سے حسین امیر عبد اللہیان کی ملاقات
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے اپنے دورہ بیروت کے دوران حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ سے ملاقات اور لبنان و فلسطین کی حالیہ تبدیلیوں اور تہران ریاض سمجھوتے کے بارے میں گفتگو کی۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان، اپنے لبنانی ہم منصب کی دعوت پر لبنان کے دورے پر بیروت گئے ہوئے ہیں اور آج جمعے کو انھوں نے حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ سے ملاقات اور مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
اس ملاقات میں دونوں فریقوں نے علاقے کے حالات، سفارتی تعلقات کی بحالی سے متعلق ایران اور سعودی عرب کے سمجھوتے اور اس سمجھوتے سے علاقے کے ملکوں پر مرتب ہونے والے اثرات نیز لبنان و فلسطین کی تازہ ترین صورت حال کے بارے میں گفتگو کی۔
اس ملاقات کے موقع پر بیروت میں ایران کے سفیر مجتبی امانی، ایران کی وزارت خارجہ کے شمالی افریقہ اور مغربی ایشیا کے امور کے ڈائریکٹر مہدی شوستری، خصوصی سیاسی امور میں ایران کے وزیر خارجہ کے مشیر علی اصغر خاجی اور لبنان میں ایران کے سابق سفیر اور اداری و مالی امور میں ایران کی وزارت خارجہ کے سیکریٹری محمد فتح علی بھی موجود رہے۔